لوگوں سے کروڑوں روپے لوٹنے والے3 ملزمان گرفتار، نیب نے دو ملزموں کا احتساب عدالت سے ریمانڈ حاصل کر لیا

بدھ 19 اگست 2015 17:19

اسلام آباد /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے مبینہ طور پر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور لوگوں سے کروڑوں روپے لوٹنے والے ملزمان زاہد پرویز خان، خالد اسلام بھٹی اور قیصر احمد کو گرفتار کر لیا ہے۔ بدھ کو نیب کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق نیب لاہور نے مبینہ طور پر عوام سے دھوکہ دہی سے 211 ملین روپے بٹورنے والے ملزم قیصر کو گرفتار کرلیا ہے۔

مذکورہ ملزم نے مرکزی ملزم وزیر احمد اور دیگر کے ساتھ مل کر ایلومینیم کی اینٹوں اور سلاخوں کا کاروبار کیا۔ ملزموں نے اورینٹ کچن ویئر گوجرانوالہ میسرزاورینٹ میٹل انڈسٹری کے نام پر کمپنی قائم کر کے لوگوں کو زیادہ منافع کا لالچ دے کر اپنے کاروبار میں سرمایہ کاری پر راغب کیا۔

(جاری ہے)

نیب لاہور مرکزی ملزم وزیر احمد کو پہلے ہی گرفتار کر چکا ہے۔

ملزم قیصر احمد کو جسمانی ریمانڈ کے لئے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ملزم زاہد پرویز خان نے لوگوں سے یوٹیلٹی بلز کی مد میں رقم جمع کی اس نے مذکورہ رقم بینک میں نادرا اکاؤنٹ میں جمع کروانے کی بجائے خورد برد کر لی۔ ملزم بار ہا بلانے کے باوجود نیب میں انکوائری کے دوران پیش نہیں ہوا جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کو احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا گیا۔

احتساب عدالت نے ملزم کو یکم ستمبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب لاہور کے حوالے کر دیا ہے۔ ایک اور بینک فراڈ کیس میں نیب لاہور نے خالد اسلام بھٹی کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم نے دوسرے ملزموں کی جعلی مختار نامہ کی تیاری میں مدد کی جس سے اراضی کا غیر قانونی انتقال ہوا۔ نیب لاہور نے احتساب عدالت سے ملزم کا 24 اگست تک جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں