لاپتہ افرا د کے کمیشن نے 66افرا د کا سراغ لگا لیا،111نئے کیس سامنے آگئے،تعداد1270ہوگئی

جون میں 32 کیس نمٹاتے ہوئے 30افراد اورجولائی میں 44 کیس نمٹاتے ہوئے 36 افراد کو بازیاب کرایا

جمعرات 20 اگست 2015 18:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء)وفاقی حکومت کی طرف سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے جسٹس(ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیشن نے مزید 66افراد کا سراغ لگا لیا،کمیشن کے پاس گزشتہ دو ماہ کے دوران لاپتہ افراد کے111 نئے کیس درج کرائے گئے جس سے زیر تفتیش کیسوں کی تعداد 1270 ہوگئی ہے ،کمیشن روزانہ کی بنیاد پر اسلام آباد ، لاہور اور کراچی میں مبینہ جبری گمشدگیوں کے کیسوں کی سماعت کررہا ہے ، کمیشن کے سیکرٹری فرید احمد خان کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق جون اور جولائی 2015ء کے دوران جسٹس (ر) جاوید اقبال، جسٹس (ر)ڈاکٹر غوث محمد اور سابق آئی جی پولیس محمد شریف ورک پر مشتمل کمیشن نے مبینہ طورر پر زبردستی اٹھائے جانے والے ا فراد کے کیسوں کی اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں سماعت کی،کمیشن کے سامنے پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے پیش ہوئے ،کمیشن نے جون میں 32 کیس نمٹاتے ہوئے 30فراد کو بازیاب کرایا،2 افراد کے کیس لاپتہ نہ ہونے کے باعث بند کر دیئے گئے ،جون میں کمیشن کے پاس 56 نئے کیس درج کرائے گئے ،جولائی میں کمیشن نے 44 کیس نمٹاتے ہوئے 36 افراد کو بازیاب کرایا، 8 افراد کے کیس لاپتہ نہ ہونے کے باعث بند کر دیے گئے ،جولائی کے دوران کمیشن کو55 نئے کیس موصول ہوئے ، اس طرح اب کمیشن کے پاس زیر تفتیش کیسوں کی تعداد 1270 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ دو ماہ کے دوران جن افراد کو بازیاب کرایا گیا ان میں عبد الغفور، مفتی عبد الوہاب، نوروز خان، مولوی عزیز الدین، ظہور احمد ، عبد القدیر،عبد المجید، عظمت اﷲ ، محمد الیاس ، محمد یار ، محبوب حسین، خرم شہزاد ، محمد بلال، عنایت اﷲ ، بلال احمد شاہ ، محمد عتیق ، سمیع الحق ، عتیق الرحمن ، حمید اﷲ شاہ، دین خان ، کامل خان ، محمد کامران ، سلطان ، آصف اقبال ، عثمان قریشی ، سید وقاص، حسن داد اور واصل داد سمیت دیگر شامل ہیں، کمیشن اسلام آباد ، لاہور ،کوئٹہ اور کراچی میں مبینہ جبری گمشدگیوں کے کیسوں کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں