پاکستان سرمایہ کار دوست پالیسیوں کا حامل ملک ہے، صدرممنون حسین

امید ہے بلجیم کی کمپنیاں مختلف اقتصادی شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی، اقتصادی و مالیاتی شعبہ میں پاکستان کی کامیابیوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جارہا ہے، صدر مملکت کی بلجیم کے سبکدوش ہونے والے سفیر پیٹر کلائیس سے گفتگو

جمعرات 20 اگست 2015 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کار دوست پالیسیوں کا حامل ملک ہے اور امید ہے کہ بیلجیئم کی کمپنیاں مختلف اقتصادی شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی، اقتصادی اور مالیاتی شعبہ میں پاکستان کی کامیابیوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات بیلجیئم کے سبکدوش ہونے والے سفیر پیٹر کلائیس سے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کرتے ہوئے کہی۔

صدر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو گہرا کرنے کے لئے عوامی سطح پر وسیع تر روابط اور پارلیمانی ثقافتی اور کاروباری وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تعلیمی شعبہ میں بیلجیئم سے استفادہ کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں کے مابین زیادہ اشتراک کار تجویز کیا۔ صدر ممنون حسین نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے پیٹر کلائیس کی خدمات کو سراہتے ہوئے اور ان کی آئندہ زندگی اور ذمہ داریوں کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پیٹر کلائیس نے پاکستان میں سفیر کی حیثیت سے قیام کے دوران پاکستان کی حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی معاونت پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں