جولائی2015ء کے دوران ملک میں حسابات جاریہ کے خسارے میں80 فیصد کی نمایاں کمی

جمعہ 21 اگست 2015 14:28

اسلام آباد ۔ 21 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) رواں مالی سال 2015-16ء کے پہلے ماہ جولائی2015ء کے دوران گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں ملک میں حسابات جاریہ کے خسارے میں80 فیصد کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان( ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی اور کولیشن سپورٹ فنڈ کی وصولی کے نتیجہ میں زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ ہوا ہے جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ماہ جولائی2015ء کے دوران کم ہوکر159 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ، گذشتہ مالی سال2014-15ء میں جولائی2014ء کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ820 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے ملنے والے قرضے کی قسط اورمنصوبہ کے تحت یورو بانڈز کے اجراء اورعالمی مارکیٹ میں تیل کی کم ہوتی ہوئی قیمتوں کے نتیجہ میں توقع ہے کہ ادائیگیوں کا توازن پاکستان کے حق میں مزید بہتر ہوگا۔

(جاری ہے)

جولائی2015ء کے دوران اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا0.6 فیصد رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مہینے کے دوران پاکستان کو امریکا سے اتحادی سپورٹ فنڈ(سی ایس ایف) کی مد میں337 ملین ڈالرکی پہلی قسط موصول ہوئی ہے جبکہ جولائی2015ء کے دوران ملک میں موصول ہونے والی ترسیلات زر1.66 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں ، جولائی2014ء کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ایک ارب64 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر بھیجی گئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق ماہ جولائی کے دوران ملکی برآمدات کا حجم 1.76 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ ملکی درآمدات میں کمی کے نتیجہ میں درآمدات کا حجم 3.5 ارب ڈالر تک کم ہوگیا ۔ اقتصادی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں غیرملکی سرمایہ کاری میں ہونے والے اضافے سے بھی ملکی معیشت پرخوشگوار اثرات مرتب ہونگے۔ رواں مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران ملک میں کی جانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 75 ملین ڈالر تک پہنچ گیا جو گذشتہ مالی سال کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ2.3 ارب ڈالر رہا تھا جو مالی سال 2013-14ء کے مقابلے میں27فیصد کم تھا اورتوقع ہے کہ جاری مالی سال کے دوران اس میں مزید کمی ہوگی جس سے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے مطلوبہ اہداف کے حصول میں مدد حاصل ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں