جڑواں شہروں میں کارروائی،شجاع خانزادہ خود کش حملے میں ملوث 3 ملزمان سمیت16 مشتبہ افراد گرفتار،تفتیش کیلئے نامعلو مقام پر منتقل

ایف ایٹ مدرسے پر چھاپہ،قاری امداد ،قاری ارشاد اور شوکت نامی ملزمان گرفتار تینوں ملزمان مہمان کے طور پر مدرسے میں رہائش پذیر تھے،سکیورٹی ذرائع راولپنڈی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے3 افغان باشندے گرفتار

جمعہ 21 اگست 2015 20:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء)جڑواں شہروں میں حساس اداروں کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ،شہید شجاع خانزادہ پر خودکش حملے میں ملوث دہشت گردوں کے سہولت کاروں سمیت 16 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ،تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ کاونٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ پنجاب اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے صوبائی وزیرداخلہ شجاع خانزادہ پر حملے میں ملوث تین اہم ملزمان کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ کے مدرسے سے گرفتار کرلیا ہے ، ملزمان میں قاری امداد اور قاری ارشاد سمیت شوکت نامی شخص شامل ہیں جو مدرسے میں مہمان کے طور پر ٹھہرے ہوئے تھے، ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے تینوں ملزمان شجاع خانزادہ پر خود کش حملے میں ملوث دہشت گردوں کے اہم ساتھی ہیں اور گرفتار تینوں ملزمان دہشت گردوں کے سہولت کار تھے ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جن سے اہم انکشافات بھی متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر سکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی راولپنڈی کے علاقے روات میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی جہاں سے 3 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے،بتایا گیا ہے کہ افغان باشندے دہشت گردانہ کارروائیوں کے عوض راولپنڈی آئے تھے جو دہشت گردی کا بڑا منصوبہ بنا رہے ہیں،چھاپے وقت ملزمان سے جدید اسلحہ اور دور بین بھی برآمد کی گئی ہے،گرفتار ہونے والے افغان باشندوں میں حضرت علی،دولت خان اور قاسم نامی شخص شامل ہیں،دریں اثناء سکیورٹی فورسز کے سہالہ ،کہوٹہ ،روات اور دیگر مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کے دوران 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے جنہیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں