` بھارت سے مذاکرات میں مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت ہوگی ، پاکستان

کشمیر متنازعہ مسئلہ ہے ، اس کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں ،حریت رہنما مقبوضہ کشمیر کی عوام کے حقیقی نمائندے ہیں سرتاج عزیز کے کشمیریوں رہنماؤں سے نہ ملنے کا بھارتی مشورہ قبول نہیں،بھارت مذاکرات میں سنجیدہ نظر نہیں آتا،ترجمان دفتر خارجہ کا بیان `

جمعہ 21 اگست 2015 20:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات میں مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت ہوگی ، کشمیر متنازعہ مسئلہ ہے ، اس کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں ،حریت رہنما مقبوضہ کشمیر کی عوام کے حقیقی نمائندے ہیں،سرتاج عزیز کے کشمیریوں رہنماؤں سے نہ ملنے کا بھارتی مشورہ قبول نہیں۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر متنازعہ علاقہ ہے ،مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاکستان حریت رہنماؤں کو کشمیریو ں کے حقیقی نمائندے سمجھتا ہے۔قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ پاکستانی قیادت کی حریت رہنماؤں سے ملاقات روایت رہی ہے ،روایت سے پیچھے ہٹنے کی کوئی وجہ یا منطق نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قومی سلامتی کے مشیروں کے مذاکرات میں بغیر کسی شرط کے شرکت کرنے کو تیار ہیں،پاکستان کے فیصلے سے بھارتی ہائی کمشنر کو آگاہ کر دیا ہے ،حریت رہنماؤں سے متعلق بھارتی مشورے پر عمل ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنے موقف سے آگاہ کر دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہو گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کے لئے سنجیدہ نظر نہیں آ رہا ، تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتے ہیں۔ `

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں