پاکستان نے را کی طرف سے ملک میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے دستاویزی ثبوت تیار کرلئے

ہفتہ 22 اگست 2015 16:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) پاکستان نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کی طرف سے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے دستاویزی ثبوت تیار کرلئے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز یہ ثبوت اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور بھارتی حکام کے حوالے کرینگے۔ ہفتہ کو وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی وخارجہ امور سرتاج عزیز نے دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی سفارتکاری کیلئے میڈیا کو استعمال کررہا ہے، حال ہی میں بھارتی میڈیا میں یہ خبریں آتی رہی ہیں کہ بھارتی مشیر قومی سلامتی نئی دہلی میں ملاقات کے دوران کوئی دستاویز میرے حوالے کرنیوالے تھے جس سے پاکستان خوفزدہ تھا اور وہ اس سے بچنا چاہتا تھا، مشیر خارجہ نے کہا کہ در حقیقت میں اپنے ساتھ تین دستاویزات لے کر جانے والا تھا جس میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کا ذکر تھا اگر چوبیس اگست کو بھارتی مشیر قومی سلامتی اجیت دوال سے ملاقات نہ ہوسکی تو میں یہ دستاویزات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر آئندہ ماہ نوی یارک لیکر جاؤنگا۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے کہا کہ اگر بھارتی مشیر قومی سلامتی وزیراعظم مودی کیساتھ نیو یارک آئے تو یہ دستاویزات ان کے سپرد کرونگا، بھارتی مشیر قومی سلامتی کو دینے کے بعد میں یہ دستاویزات اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو دے سکتا ہوں، ایک سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے بتایا کہ اقوام متحدہ سمیت تمام اہم عالمی فورموں پر بھارتی ایجنسی را کے ملوث ہونے کا معاملہ اٹھائینگے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں