بلوچستان کے حالات پہلے سے بہتر ہوچکے، کراچی آپریشن منطقی انجام تک پہنچے گا: وزیر داخلہ نثار

muhammad ali محمد علی پیر 24 اگست 2015 19:34

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 اگست 2015 ء) وزیر داخلہ نثار کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے حالات پہلے سے بہتر ہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں شدت پسند ہتھیار ڈال رہے ہیں، وہاں حالات پہلے سے بہتر ہوچکے ہیں۔ کراچی آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور اپنے منطقی انجام تک پہنچ کر رہے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے باعث ملک میں دہشتگردی بہت حد تک ختم ہو گئی ہے۔ سول ملٹری تعلقات پر بیان بازی نہ کی جائے کیو نکہ اس سے نیشنل ایکشن پلان پر برے اثرات پڑیں گے ۔نیشنل ایکشن پلان وزارت داخلہ یا حکومت نےنہیں بلکہ اسے تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر بنا یا تھا ۔

(جاری ہے)

گذشتہ چالیس پچاس سالوں میں جو بگاڑ ہماری قومی سلامتی کی پالیسی میں آیا ہے اس کو ٹھیک کے لیے بہت وقت درکار ہے تاہم دہشت گردی کی جنگ میں تمام قوم متحد ہوئی اور سول ملٹر ی حکام نے بھرپور کام کر کے نیشنل ایکشن پلان کو مرتب کرکے اس پر عمل کیا ہے۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی ملک میں سیکیورٹی معاملات پر سیاست نہیں ہوتی ہے لیکن پاکستان میں لوگ سیکیورٹی کے معاملات پربھی سیاست کرنے سے گریز نہیں کرتے۔ سیاسی رہنماوَں سے اپیل کرتا ہوں کی نیشنل ایکشن پلان پر سیاست نہ کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں