وفاقی کابینہ کا نیشنل ایکشن پلان پرمکمل اعتماد کااظہا ر ٗ کراچی آپریشن اور ضرب عضب آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ

کراچی او رضرب عضب آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے شروع کئے گئے او ریہ مطلوبہ نتائج تک جاری رہیں گے، نوازشریف عوام کی جانوں سے کھیلنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے،وزیر داخلہ کو ملک کو اسلحہ سے پاک کرنے کی حکمت عملی بنانے کی ہدایت کشمیر ی مسئلہ کشمیر کا تیسرا فریق نہیں مگر اہم فریق ضرور ہیں، مسئلہ کشمیر کے بغیر بھارت سے مذاکرات میں پیشرفت نہیں ہو سکتی بھارت کی جانب سے سرحدی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائیگا ٗ مذاکرات پر ہٹ دھرمی دکھانے کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائیگا ٗاجلاس میں فیصلہ وفاقی کابینہ نے پولی کلینک ہسپتال کی توسیع ، اردوکو دفتری زبان بنانے کی بھی منظوری دیدی،پرویز رشید کی سربراہی میں کمیٹی قائم پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی

پیر 24 اگست 2015 19:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) وفاقی کابینہ نے دہشت گردی کے خاتمے تک ضرب عضب اورکراچی آپریشن جاری رکھنے کافیصلہ کرتے ہوئے وزارت خارجہ کوبھارتی جارحیت کیخلاف سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی اور وزیراعظم محمد نوازشریف نے ملک کو اسلحہ سے پاک کرنے کے لئے وزیرداخلہ کو حکمت عملی تیارکرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مسلح جتھوں کے خلاف کارروائی کا مشکل فیصلہ حکومت نے کر لیا ہے،کراچی آپریشن اور ضرب عضب آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے شروع کئے گئے اور کامیابی سے چل رہے ہیں۔

مجرم عناصر کے خلا ف کی جانے والی کارروائی سے خود ایم کیو ایم کو بھی حاصل ہوگا،ایم کیو ایم اپنے تحفظات پارلیمنٹ میں اٹھائے۔کراچی میں صورتحال بہتر ہورہی ہے اور امن بحال ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

دہشت گردی او رمجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر بڑی تعداد میں پکڑے گئے ہیں اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ فرقہ ورانہ عناصر کو ملک سے اکھاڑ پھینکیں گے،فوج دہشت گردی کے خلاف قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے،کشمیری مسئلہ کشمیر کا تیسرا فریق نہیں مگر اہم فریق ضرور ہیں۔

وہ پیر کو یہاں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال اور دیگر امورپر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کر رکھا ہے،دہشت گردوں کے مقدمات تیزی سے سماعت کے لئے فوجی عدالتوں میں بھیجے جائیں گے جو جمہوری حکومت نے اتفاق رائے سے قائم کی ہیں اور سپریم کورٹ نے بھی ان کی توثیق کر دی ہے۔

اجلاس میں پنجاب کے وزیرداخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کبی دہشتگردی کے واقعہ میں شہادت پر فاتحہ خوانی کی گئی اور قوم کیلئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیاگیا وزیراعظم نے کہاکہ شہید شجاع خانزادہ کی رکن صوبائی اسمبلی اور وزیرداخلہ کی حیثیت سے عسکریت پسندی اور انتہاپسندی کیخلاف خدمات کو سنہرے حروف سے لکھاجائیگا۔ وزیراعظم کے قومی سلامتی وخارجہ امور کے مشیرسرتاج عزیز نے کابینہ کو بھارت کے ساتھ حالیہ مذاکرات میں ڈیڈ لاک کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے بغیرکوئی بھی مذاکرات سود مند نہیں ہوسکتے ،کشمیری رہنما تیسرا فریق نہیں لیکن اس مسئلے کا اہم فریق ضرور ہیں مستقبل میں بھی کوئی بھی فیصلہ ان کی رائے اورمشاورت کے بغیر نہیں کیاجاسکتا قومی ایکشن پلان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ کے بعد وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نے اس منصوبے پرمکمل عملدرآمد کااتہیہ کررکھا ہے تاکہ اس کی کامیابی کے ثمرات ملک کے ہرکونے تک پہنچ سکیں جو لوگ بھی فرقہ واریت میں ملوث ہیں ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائیگا اور جو لوگ نفرت پھیلاتے ، عسکریت پسندی کو فروغ دیتے اوردہشتگردی کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں انہیں کسی صورت نہیں چھوڑیں گے انہوں نے کہاکہ جو دہشتگرد عوام کی جانوں سے کھیلتے ہیں وہ انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کاجرم قابل معافی نہیں ۔

کراچی آپریشن سے عوام کو امن ملا ہے اور حکومت امن کی بحالی اور شہرقائد میں روایتی بھائی چارے کو بحال کرنے کیلئے کسی سیاسی رکاوٹ کو قبول نہیں کرے گی انہوں نے کہاکہ ہم کراچی آپریشن ختم کرنے کاسوچ بھی نہیں سکتے تاہم جو لوگ عوام کی رائے سے پارلیمنٹ میں آئے ہیں انہیں اپنے مسائل اورمشکلات پارلیمنٹ میں اٹھانی چاہئیں وزیراعظم نے یقین دلایا کہ حکومت امن اورعوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے اقدامات جاری رکھے گی وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ پورے معاشرے کو اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے، کوئی بھی جمہوری حکومت مسلح گروپوں کے قیام کی اجازت نہیں دے سکتی انہوں نے کابینہ کو بتایاکہ آپریشن ضرب عضب کے نتائج سامنے آرہے ہیں اور اس کا تمام تر کریڈٹ مسلح افواج اور سویلین اداروں کو جاتا ہے حتیٰ کہ بین الاقوامی برادری نے بھی آپریشن ضرب عضب میں ملنے والی کامیابیوں کو سراہا ہے اس ضمن میں وزیراعظم نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے عزم اوراقدامات کو سراہا جبکہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کی طرف سے محاذ پرخود آپریشن کی قیادت کرنے کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان میں صورتحال دن بدن بہتر ہورہی ہے اورانشاء اﷲ اس عمل سے وہ وقت جلد آئیگا جب فاٹا سے بلوچستان اور شہرقائد میں امن اورخوشحالی کاسورج طلو ع ہوگا انہوں نے کہاکہ انشاء اﷲ ہمارا مستقبل ماضی سے بہت تابناک ہوگا وزیراعظم نے کابینہ کی پانچ رکنی کمیٹی بھی قائم کی جو اردو کو حکومتی اورنیم سرکاری محکموں میں روز مرہ امور کیلئے استعمال کے بارے میں سپریم کورٹ کی ہدایات پر عملدرامد کی نگرانی کرے گی اس کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویزرشید ہوگا جبکہ کمیٹی میں وزیرمذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی ،وزیراعظم کے قومی ا مور کے بارے میں خصوصی معاون عرفان صدیقی اور کابینہ امور کے بارے میں خصوصی معاون بیرسٹرظفراﷲ شامل ہونگے کمیٹی سرکاری پیغام رسانی کیلئے اردو کے استعمال کیلئے ضروری اقدامات لے گی اور ٹھوس تجاویز پیش کرے گی۔

قبل ازیں وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے کابینہ کو قومی ایکشن پلان پرعملدرآمد کے حوالے سے اب تک ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا انہوں نے بتایاکہ حکومت اس منصوبے کے اہم نکات میں پیشرفت کررہی ہے مسلح افواج اورقانون نافذ کرنیوالے ادارے اس کیلئے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں جس کے نتیجے میں صورتحال بہتر بہتر ہوئی ہے انہوں نے کابینہ کو یقین دلایا کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمدکرتے ہوئے کسی مجرم عناصر یادہشتگردوں کونہیں چھوڑیں گے وزیرداخلہ نے کہاکہ ملک میں مجموعی سلامتی کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے اور کسی کو بھی مجرم کیخلاف آپریشن کی راہ میں رکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دینگے وزیراعظم نے وزیرداخلہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امیدظاہرکی کہ یہ مشن جاری رہیگا۔

کابینہ کے اجلاس میں ایک سوبیس ایجنڈا آئٹم پیش کئے گئے جن میں سے ایک سوسولہ کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے مختلف ممالک کے ساتھ کئے گئے معاہدوں کی بھی توثیق کردی۔ کابینہ نے بھارتی ہٹ دھرمی کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے اور کسی بھی جارحیت پر بھرپور جواب دینے کا عزم ظاہر کیاکابینہ نے فیصلہ کیا کہ بھارت کی جانب سے سرحدی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا جبکہ مذاکرات پر ہٹ دھرمی دکھانے کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے گا۔

اس سلسلے میں وزارت خارجہ کو بھرپور سفارتی مہم چلانے کا کہا گیا ہے۔کابینہ مختلف ممالک کے ساتھ مفاہمت کی یاد داشتوں اور اردو کو سرکاری زبان کے طور پر رائج کرنے کے حوالہ سے بھی فیصلہ کرے گی اجلاس میں اسحاق ڈار نے ایم کیو ایم سے ہونے والے مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ چودھری نثار نے بریفنگ میں بتایا کہ ملک بھرمیں 20 ہزار 186 سے زائد دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ہوئی۔ 3 ہزار 418 دہشت گرد گرفتار 193 مجرموں کو پھانسی دی گئی۔ 190 مدارس کوغیر ملکی فنڈ ملنے کا انکشاف ہوا۔کابینہ کے اجلاس کے آغاز پر اٹک میں دہشتگردی کے حملے میں جاں بحق ہونے والے پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں