ایم کیو ایم کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے، متحدہ وسیع تر قومی مفاد کیلئے استعفے واپس لیکر پارلیمنٹ میں رہے ،کراچی کراچی آپریشن میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کریں گے ، ا س آپریشن سے کراچی کے عوام اور ایم کیو ایم کو ہی فائدہ ہو گا

وزیر اعظم نواز شریف کی ایم کیو ایم کے وفدسے ملاقات کے دوران گفتگو

پیر 24 اگست 2015 19:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کریں گے، آپریشن جرائم پیشہ افراد کے خلا ف ہے چاہے کسی بھی پارٹی سے ہوں ، کراچی آپریشن سے ایم کیو ایم کو فائدہ ہو گا، ایم کیو ایم کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے، انہیں وسیع تر قومی مفاد کیلئے پارلیمنٹ میں رہنا چاہیے اور اپنے استعفے واپس لیں۔

وہ پیر کو یہاں ایم کیو ایم کے وفدسے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ملاقات میں جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید شامل تھے اور ایم کیو ایم کی طرف سے ڈاکٹر فاروق ستار، بیرسٹرمحمد علی سیف، کنور نوید، ریحان ہاشمی، وسیم اختر اور بشیر قائم خانی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم کو اپنے19 مطالبات کی فہرست پیش کی جس میں انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کو کوئی اعتراض نہیں، ایم کیو ایم آپریشن کے حق میں ہے تاہم انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل اور غیر قانونی گرفتاریوں پر تحفظات ہیں ۔اس پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی آپریشن ایم کیو ایم کے خلاف نہیں ہے بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلا ف ہے چاہے وہ کسی بھی پارٹی سے ہوں اس آپریشن سے ایم کیو ایم کو بھی فائدہ ہو گا ۔

کراچی آپریشن میں سیاسی مداخلت کسی صورت بھی برداشت نہیں کریں گے۔ کراچی آپریشن ایم کیو ایم سمیت تمام جماعتوں کیلئے مفید ہے، کراچی میں امن کا قیام عوام کیلئے بھی مفید ہے اور ان کے لئے خوشی کا پیغام لائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے، انہیں وسیع تر قومی مفاد کیلئے پارلیمنٹ میں رہنا چاہیے اور اپنے استعفے واپس لیں

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں