الیکشن کمیشن نے شہید شجاع خانزادہ کی خالی نشست پی پی 16میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ضمنی انتخابات کیلئے درخواست بھجوائی تھی،پولنگ کیلئے6اکتوبر کی تاریخ کا اعلان مسلم لیگ (ن) نے امیدوار لانے کے لئے مشاورت شروع کر دی ہے ،آئندہ چند روز میں حتمی اعلان کر دیا جائیگا‘ ذرائع

پیر 24 اگست 2015 21:49

اسلام آباد/لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء ) الیکشن کمیشن نے کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی شہادت سے خالی ہونے والی پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 16اٹک میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا، پولنگ چھ اکتوبر کو ہوگی۔اسپیکر پنجاب اسمبلی کی طرف سے صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی شہادت کے بعد خالی ہونے والی نشست پر پی پی 16پر ضمنی انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو درخواست بھجوائی گئی تھی ۔

الیکشن کمیشن نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد ضمنی انتخابات کے لئے شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پی پی 16میں ضمنی انتخاب کے لیے امیدوار کاغذات نامزدگی آٹھ سے نو ستمبر کو جمع کروا سکتے ہیں۔ نامزدگی فارم کی جانچ پڑتال کا عمل دس سے گیارہ ستمبر کو مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

امیدوار کے کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں چودہ ستمبر کو دائر کی جا سکیں گی۔

اپیلوں پر فیصلے سولہ ستمبر کو کیے جائیں گے۔ سترہ ستمبر کو امیدوار دستبردار ہوسکیں گے اور اسی روز حتمی فہرست بھی آویزاں کی جائے گی۔ پولنگ چھ اکتوبر کو ہوگی۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ حلقے میں ضمنی انتخابات کیلئے شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے امیدوار لانے کے لئے مشاورت شروع کر دی ہے اور آئندہ چند روز میں حتمی اعلان کر دیا جائے گا ۔واضح رہے کہ شہید کرنل (ر) شجاع خانزادہ کے صاحبزادے نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھاکہ اگر قیادت نے والد کی خالی ہونے والی نشست پر الیکشن لڑنے کی پیشکش کی تو اپنے خاندان اورحلقے کی عوام سے مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں