نیب نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی معصوم شاہ کے خفیہ لاکر سے لاکھوں روپے مالیت کا سونابرآمد کرلیا

پیر 24 اگست 2015 22:43

اسلام آباد/ پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء ) قومی احتساب بیورو (نیب) پشاور نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اور گرفتار ملزم سید معصوم شاہ کی نشاندہی پراس کے خفیہ لاکر سے لاکھوں روپے مالیت کی سونے کی سلاخیں برآمد کرلیں۔ نیب کی جانب سے پیر کو یہاں جاری بیان کے مطابق نیب خیبر پختونخوا نے سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی سید معصوم شاہ کو 11 اگست کو بدعنوانی اور ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کیا۔

ملزم ضلع بٹگرام میں اپنے گاؤں میں 12 کنال اراضی پر مشتمل حجرے اور گھر، حیات آباد میں دو قیمتی پلاٹوں، ریگی ماڈل ٹاؤن میں دو پلاٹوں، ڈی ایچ اے کراچی میں دو پلاٹوں، ٹیولپ روڈ بحریہ ٹاؤن راولپنڈی میں ایک قیمتی گھر، زریاب کالونی پشاور میں ایک کنال کا گھر، تہکال بالا پشاور میں تین کنال قیمتی اراضی اور و رسک روڈ پشاور پر ایک کنال زمین کا مالک ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ملزم کی ملک اور بیرون ملک بینکوں میں بھاری رقوم جمع ہیں اور وہ قیمتی گاڑیوں کا مالک ہے۔ نیب خیبر پختونخوا نے ملزم کو احتساب عدالت پشاور میں پیش کر کے اس کا ریمانڈ حاصل کیا۔ دوران تفتیش ملزم نے غیر قانونی ذرائع سے اثاثے بنانے کا اعتراف کیا۔ ملزم کی نشاندہی پر نیب خیبر پختونخوا نے اس کے ٹھکانے سے سونے کی سلاخیں برآمد کیں جو مبینہ طور پر بدعنوانی کر کے خریدی گئی تھیں۔ بیان کے مطابق نیب خیبر پختونخوا موثر طریقے سے تفتیش کر رہا ہے اور مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں