بیرسٹر سلطان کا 25 اکتوبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے ملین مارچ کا اعلان خوش آئند ہے ، راحیلہ خان

منگل 25 اگست 2015 14:55

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء)پی ٹی آئی آزادکشمیر شعبہ خواتین کی مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کی رکن راحیلہ خان نے کہا ہے کہ25 اکتوبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے ملین مارچ کا اعلان خوش آئند ہے ، بیرسٹر سلطان محمود کے اعلان سے مسئلہ کشمیر عالمی ایوانوں میں اجاگر ہوگا اور اس کے حل میں پیش رفت یقینی ہو جائے گی ۔

پی ٹی آئی قائد کشمیر کی قیادت میں مسئلہ کشمیر حل کر کے نئی تاریخ رقم کرے گی ۔ این اے 122کے بارے میں حکومت الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو تسلیم کرے، ن لیگ کی حکومت کو مڈٹرم الیکشن کے ذریعے دوبارہ عوام سے رجوع کرنا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا ۔راحیلہ خان نے کہاکہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے بعد حکومت کی مزید دو وکٹیں اڑنے والی ہیں اورجوڈیشل کمیشن کے فیصلہ پر بگلیں بجانے والے حکمران الیکشن ٹربیونل کے فیصلہ پر سیخ پا ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2013کے عام انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی اور مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو کامیاب کروانے کیلئے ہر حلقہ میں اضافی بیلٹ پیپرز ڈالے گئے،پارٹی قائد عمران خان نے شدید تحفظات کے باوجودجوڈیشل کمیشن کا فیصلہ تسلیم کیا مگر حلقہ این اے122کا فیصلہ آتے ہی حکومتی وزرا آپے سے باہر ہورہے ہیں اورججوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے،فیصلہ مسلم لیگ(ن) کے حق میں آجائے تو ٹھیک اگر خلاف آجائے تو تنقید کی جاتی ہے،انہوں نے کہا مسلم لیگ(ن) نے ملک میں لوٹ مار اور چوربازاری کا جو بازار گرم کررکھا ہے اسکے خلاف ہر سطح پر جدوجہد کی جائیگی،الیکشن ٹربیونل کی جانب سے حلقہ این اے122میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی پر الیکشن کمیشن کو مستعفی ہوجانا چاہئیے تھا مگر کسی میں اخلاقی جرات نہیں ہے۔

راحیلہ خان نے مزید کہاالیکشن ٹربیونل کے فیصلہ سے جوڈیشل کمیشن کے فیصلہ کو بھی دھچکا لگا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں