اسلام آباد : الیکشن کمیشن ن لیگ سے ملا ہوا ہے، تما جماعتوں کو لے کر حکومت کے پاس جاوں گا اگر انصاف نہ ملا تو مجبورا سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔ پی ٹی‌آئی چئیر مین عمران خان کی پریس کانفرنس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 اگست 2015 17:56

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 اگست 2015 ء) : بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی نے جوڈیشل کمیشن کو دھاندلی کے ثبوت پیش کیے، جس کے لیے دن رات کام کیا۔ جو جو الیکشن کمیشن کے اوپر جوڈیشل کمیشن نے نکات اٹھائے تھے ان کو مد نظر رکھتے ہوئے خط لکھا، ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھا گیا جواب ایک مذاق ہے۔

4حلقے کھولنے کا مطالبہ آئندہ الیکشن کی شفافیت کے لیے کیا انہوں نے کہا کہ ہم نے جوڈیشل کمیشن کا ہر فیصلہ مایوس ہونے کے باوجود قبول کیا۔جوڈیشل کمیشن کے فیصلے پر تکلیف کے باوجود سابق چیف الیکشن کمشنر ناصر الملک کی عزت کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق نے بھی سب کے سامنے ٹربیونل کا فیصلہ قبول کیا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ میں بحیثیت ایک پاکستانی یہ حق رکھتا ہوں کہ الیکشن کمیشن مجھے جواب دے۔

الیکشن کمیشن کو اور کچھ نہیں کم از کم سوالوں کے جوابات دینے چاہئیں کیونکہ یہ میرا حق ہے۔ الیکشن ٹربیونل لاہور کی رپورٹ کے مطابق ایک پولنگ اسٹیشن کے سو ووٹ دوسرے پولنگ اسٹیشن سے ڈالے گئے ہیں رپورٹ میں جسٹس کاظم ملک کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے یہ غلطی ہو لیکن دھاندلی کے عنصر کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے علاوہ باقی تمام چار ممبران دھاندلی میں ملوث تھے۔

پیپلز پارٹی نے بھی الیکشن کمیشن کے ممبران سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اکیس پارٹیوں نے کہا تھا کہ دھاندلی ہوئی ہے لہٰذا میں نے شاہ محمود قریشی کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ وہ باقی تمام جماعتوں سے بھی رابطہ کریں۔ ہم سب اکٹھا ہو کر حکومت کے پاس جائیں گے انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومت نے الیکشن کے خلاف اسی فیصد پٹیشن تکنیکی بنیادوں پر رد کرواد یں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بھی الیکشن کمیشن کے معاملے کو اٹھائیں گے۔ لیکن جب سارے دروازے بند کر دئے جائیں گے تو مجھے مجبوراً سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ انصاف نہ ملا تو میں الیکشن کمیشن کے باہر بھی احتجاج کروں گا۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے آخر میں بر ملا کہا کہ الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے ساتھ مل کر دھاندلی کی ہے. اور کیا یہ وہی الیکشن کمیشن ہے جو این اے 122 میں ری پولنگ کروائے گا. اس الیکشن کمیشن نے تو گذشتی انتخابات میں دھاندلی ہے جس کا واضح ثبوت ٹربیونل کی رپورٹ ہے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں