عالمی بینک نے پاکستانی قبائلی علاقو ں کیلئے ساڑھے سات کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

منصوبے کے تحت پانچ قبائلی ایجنسیوں میں شدت پسندی سے متاثر ہونے والے ایک لاکھ 20 ہزار خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی، عالمی بینک

جمعرات 27 اگست 2015 17:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) عالمی بینک نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں شدت پسندی کی وجہ سے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی اور نوزائیدہ بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ساڑھے سات کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دی ہے۔عالمی بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ اس منصوبے کے تحت پانچ قبائلی ایجنسیوں میں شدت پسندی سے متاثر ہونے والے ایک لاکھ 20 ہزار خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

شمالی وزیرستان کے متاثرین کے لیے 70 کروڑ ڈالر کے وعدے قبائلی علاقوں کے عوام کی بحالی کے منصوبے کے تحت عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کو دو طرح کے فنڈ جاری کیے جائیں گے۔شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کے بعد اپنے آبائی علاقوں میں واپس جانے والے افراد کو پہلے مرحلے میں فی خاندان 35 ہزار روپے دیے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں روزمرہ کی زندگی گزارنے کے لیے چار ماہانہ اقساط میں 16 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے تین لاکھ 40 ہزار خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرے گی۔عالمی بینک کے پاکستان میں سربراہ راشد بن مسعود نے کہا کہ ’اس منصوبے کے تحت حکومت قبائلی علاقوں میں ہنگامی حالات میں لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا نظام تشکیل دے سکے گی۔‘پاکستان کے قبائلی علاقوں میں بچوں کے علاج معالجے کی سہولیات نہ ہونے کے باہر ہیں۔

قبائلی علاقوں میں آپریشن کے بعد واپس جانے والے افراد کو صحت عامہ کی ناقص سہولیات کا سامنا ہے۔عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پناہ گزینوں کی بحالی کے اس منصوبے تحت قبائلی علاقوں میں تحصیل کی سطح پر 64 ہزار خاندانوں کے دو سال تک کی عمر کے بچوں کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔عالمی بینک کے مطابق متاثرین کی بحالی کا منصوبہ ماضی کے تجربات اوربین الاقوامی سطح پر مکمل ہونے والے پروگراموں کے تحت کیا گیا ہے اور متاثرین کو رقوم کی فراہمی میں شفافیت قائم کرنے کے لیے طریقہ کار بنایا گیا ہے جبکہ غیر جانبدار فریق اس منصوبے کا معائنہ کرے گا۔ `

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں