چار سال کیلئے پی ایچ ایف کا صدر منتخب ہوا ، دو سال بھی رہا تو کوئی حر ج نہیں ، بریگیڈئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر

کوشش کرینگے ہاکی کے اخراجات خود برداشت کریں ، پاکستان میں میچز سے پی ایچ ایف مالی طور پر مستحکم ہوگی ہاکی فیڈریشن کے قوانین میں ترامیم کیلئے حکمت عملی تیار کی ہے ، مینجمنٹ کے حوالے سے اہم اعلان چند روز میں کرینگے ، نو منتخب صدر پی ایچ ایف کی کانگریس اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 27 اگست 2015 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ہم کوشش کرینگے کہ ہاکی کے اخراجات خود برداشت کریں ، پاکستان میں ہاکی کھیلی جائے گی تو پی ایچ ایف بھی مالی طور پر مستحکم ہوگا ۔

(جاری ہے)

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کانگریس اجلاس کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں چار سال کیلئے منتخب ہوا ہوں اگر دو سال بھی صدر رہا تو اس میں کوئی حرج نہیں انہوں نے کہا کہ ہاکی کے حوالے سے کچھ ابہام تھے جنہیں دور کرنے کے لیے حکمت عملی اپنا رہے ہیں جبکہ ہاکی کی بہتری اور ترقی کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن نے قوانین میں ترامیم کے لیے بھی حکمت عملی تیار کی ہے جبکہ ٹیم مینجمنٹ کے حوالے سے آئندہ دو سے تین روز میں اعلان کرینگے پی ایچ ایف کے دفتر کو اسلام آباد منتقل کرنے کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کا دفتر لاہور سے اسلام آباد منتقل نہیں کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ فی الحال ہاکی کی بہتری کے لیے حکومت سے دس کروڑ روپے مانگے ہیں انہوں نے کہا کہ میں بطور صدر ذمہ داری سے کام کرونگا

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں