سی ڈی اے ملازمین کے حقوق ومراعات کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائے ،چوہدری محمد یاسین

بلدیاتی نظام کیخلاف نہیں ،محکمے ومحنت کشوں کی تقسیم پر تحفظات ہیں ،اورنگزیب خان

جمعہ 28 اگست 2015 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یاسین ،صدراورنگزیب خان ،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی نے مرکزی یونین آفس میں مزدور یونین کی مجلس شوریٰ کے اراکین سے خطاب کیا ،مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک بار پھر اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے لیکن اب تک سی ڈی اے محنت کشوں کو ملنے والے حقوق ومراعات کو کسی سطح پر کوئی تحفظ فراہم نہیں کیا گیا بلکہ سی ڈی اے ملازمین ومحکمے کا مستقبل صرف ایک سوالیہ نشان بن کر رہ گیا ہے ،ہم بلدیاتی انتخابات کے خلاف نہیں بلکہ شروع دن سے سی ڈ ی اے مزدور یونین بلدیاتی انتخابات کا خیر مقدم کرتی چلی آئی ہے کیونکہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوریت کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں مگر ہمارا موقف پہلے دن سے واضح رہا ہے کہ بلدیاتی نظام کی آڑ میں سی ڈی اے کے محکمے اور ملازمین کو تقسیم نہ کیا جائے اور سی ڈی اے میں کام کرنے والے تمام تر لوگوں کو کرپٹ نہ سمجھا جائے ،ایماندار اور فرض شناس لوگوں کی بھی یہاں کوئی کمی نہیں یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد دنیا کے خوبصورت ترین دارلحکومتوں میں شمار ہوتا ہے اور چند غلط لوگوں کی پالیسوں کی سزا ہزاروں محنت کشوں کو نہ دی جائے ،سی ڈی اے مزدور یونین نے اپنی مثبت پالیسی کے تحت آج تک سی ڈی اے محنت کشوں کے بلدیاتی نظام کے بارے میں خدشات و تحفظات اور حقوق ومراعات کو قانونی تحفظ نہ حاصل ہونے جیسے مسائل کو میڈیا ،عدلیہ ،سیاستدانوں ،ارکان پارلیمنٹ ،حکومتی و اپوزیشن رہنماؤں تک اپنا موقف جمہوری انداز میں پہنچایا لیکن لگتا ہے کہ کچھ عناصر سی ڈی اے کے محنت کشوں کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کر رہے ہیں سی ڈی اے مزدور یونین ملازمین کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جس کی پہچان بین الاقوامی سطح پر جانی جاتی ہے اور جسے مسلسل تین مرتبہ سی ڈی اے ملازمین نے اپنے حقوق کے حصول و تحفظ کی خاطر منتخب کیا ،ہمارا جینا مرنا سی ڈی اے کے محنت کشوں اور انکے بچوں کے مستقبل کو محفوظ کرنے کے لیے ہے ہم کسی طور پر بھی اپنے محنت کش کے حقوق پر نہ کسی کو ڈاکہ ڈالنے دیں گے نہ کوئی سودے بازی کریں گے چاہے اس مقصد کی خاطر ہماری جان ہی کیوں نہ چلی جائے ،ہم نے جمہوری انداز میں اپنا موقف ہر سطح تک پہنچایا لیکن افسوس ہے کہ اب تک کسی نے بھی ہزاروں محنت کشوں کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچانے کے لیے کوئی بھی مثبت قدم نہ اٹھایا مگر ہم اپنے محنت کشوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے اور وقت آنے پر دیگر لاکھوں مزدوروں کے ہمراہ پارلیمنٹ کا گھیراؤ کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے ،ہمارا سی ڈی اے انتظامیہ سے بھی بھرپور مطالبہ ہے کہ سی ڈی اے مزدور یونین سے کیے گئے طے شدہ معاہدوں اور مطالبات پر عمل درآمد کو یقینی بنائے ،ڈیلی ویجز اور اوور ایج ملازمین کو پالیسی کے تحت ریگولر کیا جائے اور سی ڈی اے ملازمین کے بچوں کو ترجیح بنیادوں پر بھرتی کیا جائے اور اگر ایسا نہ ہوا تو سی ڈی اے مزدور یونین بہت جلد احتجاج کی کال دینے پر مجبور ہو گی ،مزدور یونین سی ڈی اے محنت کشوں کے حقوق و تحفظ کی جدوجہد ہر حال میں جاری رکھے گی ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں