مودی سرکار اپنی دم توڑتی مقبولیت کیلئے سہارے ڈھونڈ رہی ہے،ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھارت کو 1965 سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا،بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستانی بارڈر پر جارحیت کر رہا ہے، بھارت کے اندر3 درجن سے زائد علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں، بھارت پاکستان کو ایک خاص معاشی حد سے آگے جاتا نہیں دیکھنا چاہتا، پاکستان ایٹمی ٹیکنالوجی میں بھارت سے برتر ہو سکتا ہے کم نہیں ، بھارت پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتا، سول ملٹری لیڈر شپ میں ہم آہنگی اور پاکستانی قوم متحد ہے، ہم پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعہ 28 اگست 2015 21:44

مودی سرکار اپنی دم توڑتی مقبولیت کیلئے سہارے ڈھونڈ رہی ہے،ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھارت کو 1965 سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا،بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستانی بارڈر پر جارحیت کر رہا ہے، بھارت کے اندر3 درجن سے زائد علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں، بھارت پاکستان کو ایک خاص معاشی حد سے آگے جاتا نہیں دیکھنا چاہتا، پاکستان ایٹمی ٹیکنالوجی میں بھارت سے برتر ہو سکتا ہے کم نہیں ، بھارت پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتا، سول ملٹری لیڈر شپ میں ہم آہنگی اور پاکستانی قوم متحد ہے، ہم پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مودی سرکار اپنی دم توڑتی مقبولیت کیلئے سہارے ڈھونڈ رہی ہے،ہم پر جنگ تھوپی گئی تو بھارت کو 1965 سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا،وہ اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستانی بارڈر پر جارحیت کر رہا ہے، بھارت کے اندرونی مسائل بڑھ رہے ہیں، بھارت کے اندر3 درجن سے زائد علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں، بھارت پاکستان کو ایک خاص معاشی حد سے آگے جاتا نہیں دیکھنا چاہتا، پاکستان ایٹمی ٹیکنالوجی میں بھارت سے برتر ہو سکتا ہے کم نہیں ، بھارت پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتا۔

جمعہ کو ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے پیچھے بہت سے ہاتھ ہیں، مودی سرکار اپنی دم توڑتی مقبولیت کیلئے سہارے ڈھونڈ رہی ہے، کیونکہ بھارت کے اندر درجنوں علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں، اس لئے بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستانی بارڈر پر جارحیت کر رہا ہے، یہ ان کی سیاسی مجبوری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب سے چین کے ساتھ ہمارے معاہدے ہوئے ہیں اور پاک چین اقتصادی راہداری کا افتتاح ہوا ہے، بھارت بہت پریشان ہے، وہ پاکستان کو ایک خاص معاشی حد سے آگے بڑھتا نہیں دیکھنا چاہتا، ہمارے ہمسائے عالمی برادری معاشی ترقی میں ہمیں مخصوص سطح سے اوپر نہیں دیکھنا چاہتی، وہ جان چکے ہیں کہ پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو گیا تو یہ ہمیں نزدیک نہیں آنے دے گا، اس سے ہمیں روکنے کیلئے ہمیں سرحدوں پر الجھایا جا رہا ہے۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہمارا مورال بھارت سے بلند ہے، ہم نے ہرموقع پر مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی بات کی لکین بھارت نے ہر بار ہماری کوششوں کو سبوتاژ کیا، پوری دنیا ہمارے اس اقدام کو مانتی ہے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ افغانستان میں امن کے حامی ہیں، پاکستان نے افغانستان کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں دیں، ان کے ساتھ ہمارے بے شمار رشتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بھی جارحیت کر رہا ہے اور اس کی مختلف سیکٹرز پر مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزیاں جاری ہیں لیکن وہ نہیں جانتا کہ پاکستان ایٹمی ٹیکنالوجی میں کسی لحاظ سے بھارت سے کمتر نہیں، اگر ہمیں جنگ لڑنی پڑے گی تو بھارت کو 1965 سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سول ملٹری لیڈر شپ میں ہم آہنگی ہے اس وقت پاکستانی قوم متحد ہے، ہم پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ کئی علاقوں کودہشت گردوں سے پاک کرالیا گیا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلسل کامیابیاں جاری ہیں، دنیا نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جنگ جیتنے کیلئے متحد ہونا ہو گا کیونکہ جب تک ہم ذہن، نظریے اور وسائل کے اعتبار سے متحد نہیں ہوں گے جنگ نہیں جیت سکتے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ہم نے عمران خان کو الیکشن کا چیلنج کیا وہ الزامات لگا کر فرار ہونے کا جواز ڈھونڈ رہے ہیں، کیونکہ انہوں نے پہلا دھرنا ختم کیا تو پھر واپس اسمبلیوں میں واپس آ گئے، وہ جہاں سے گئے تھے وہیں آ گئے ، اب ان کی مثال ایسی ہی ہے کہ ’’جتھے دی کھوتی اوتھے آ کے کھلوتی‘‘ گلگت سے کراچی تک دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی جا رہی ہے اور عمران خان دھاندلی اور ٹربیونل کے فیصلوں میں لگے ہوئے ہیں، اب نواز شریف کو کہتے ہیں کہ میرے مقابلے میں الیکشن لڑیں جبکہ عمران خان نے ایاز صادق کے ساتھ مقابلہ کیااور اب بھی وہ ان کے ساتھ کریں۔

انہوں نے کہ میرے حلقے میں ٹربیونل نے میرے حق میں فیصلہ دیا ہے اور پی ٹی آئی کا امیدوار سپریم کورٹ میں گیا ہوا ہے، عمران خان کو اپنی سیاسی ساکھ بحال رکھنے کیلئے زمان پارک کے حلقے سے الیکشن لڑنا چاہیے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ نواز شریف 2بار وزیر اعلیٰ،3بار وزیراعظم بن چکے ہیں، ان میں بہت برداشت اور تحمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری دھرنا دینا چاہتے ہیں تو دیں جو ان دونوں نے پہلے کیا ہے وہ اب بھی کرلیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں