الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پہلے آجاتے تو جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ مختلف ہوتا،عمران خان کا دعویٰ

ہفتہ 29 اگست 2015 14:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعوی‘ کیا ہے کہ اگر الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پہلے آجاتے تو جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ مختلف ہوتا۔ہفتہ کو یہاں لاہور روانگی سے قبل بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر ان فیصلوں کو ملتوی کرایا گیا، چیئرمین نادرا کو پیش ہونا تھا مگر وہ بیرون ملک چلے گئے آخر انہیں کس نے باہر بھیجا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کے ساتھ مل کر میچ فکس کر رہا ہے اور ہم دیکھیں گے کہ ہمیں ان کے ہوتے ہوئے الیکشن میں جانا ہے یا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرنا ہے کہ جن لوگوں نے ن لیگ کے لئے فکسنگ کی ،اب تو خورشید شاہ نے بھی معافی مانگ لی ہے ،ثابت ہوگیا ہے کہ ریاض کیانی کو مانگا گیا تھا۔

(جاری ہے)

سندھ کے الیکشن کمشنر کہہ چکے ہیں کہ الیکشن کمیشن میں سارے فیصلے ریاض کیانی کرتے رہے اور باقی ارکان بے بس تھے۔

عمران خان نے ایک بار پھر کہا کہ نواز شریف میرے مقابلے میں آئیں مزیدار فیصلہ ہوگا،بے شک اپنے امپائر کھڑے کر دیں پھر بھی پتہ چل جائیگا ، لاہور باہر نکلے گا اور اپنا فیصلہ دیدیگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں سیکورٹی خدشات کی وجہ سے ریلی نہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں