امریکہ پاکستان کا اہم اتحادی ہے،پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات میں اضافہ چاہتا ہے

وزیراعظم محمد نواز شریف کی امریکہ کی قومی سلامتی کی مشیر ڈاکٹر سوزن رائس سے ملاقات میں گفتگو ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور مستقبل میں پاک امریکہ تعلقات کے معاملات پر تبادلہ خیال

اتوار 30 اگست 2015 13:31

اسلام آباد ۔(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اگست۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ امریکہ تمام شعبوں بالخصوص معیشت، دفاع اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں پاکستان کا اہم اتحادی ہے اور پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات میں اضافہ چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے یہ بات اتوار کویہاں امریکہ کی قومی سلامتی کی مشیر ڈاکٹر سوزن رائس سے ملاقات میں کہی ۔

امریکا کی قومی سلامتی کونسل کے جنوبی ایشیاء کے معاملات کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر لیوائے اور امریکی سفیر رچرڈ اولسن بھی اس موقع پرموجود تھے۔ اجلاس میں دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور اور مستقبل میں پاک امریکہ تعلقات کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اس موقع پر خطہ کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ معیشت، دفاع اور دہشت گردی کے خلاف مہم میں پاکستان کا ایک اہم اتحادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات میں اضافہ چاہتا ہے جو دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ خطہ اور دنیا کے مفاد میں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ رواں سال اکتوبر میں اپنے دورہ امریکہ کے موقع پر دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے استحکام کی توقع رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر رائس نے پاک امریکہ مضبوط تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک کے تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دفاع، معیشت اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات مثالی ہیں۔ ڈاکٹر رائس نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں اور اس دوران حاصل کی جانے والی کامیابیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیراعظم کے پرامن ہمسائیگی کے نظریہ کو بھی سراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں