تحریک انصاف نے گزشتہ سال ڈی چوک میں پولیس شیلنگ سے جاں بحق کارکنوں کی یاد میں شمعیں روشن کیں، آزادی دھر نے میں ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے کارکنوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں علامہ اقبال کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی،تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر اور فوزیہ قصوری کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 30 اگست 2015 20:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے ڈی چوک میں گزشتہ سا ل دھر نے کے دوران پولیس کی شیلنگ سے جاں بحق ہونے والے کارکنوں کی پہلی برسی کے موقع پر اسلام آباد پریس کلب کے سامنے شمعیں روشن کیں اور انکی مغفرت کیلئے دعا بھی کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو پاکستان تحریک انصاف نے یہاں پریس کلب کے سامنے گزشتہ سال ڈی چوک میں دھر نے کے دوران 30اور 31اگست کی درمیانی شب پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج سے جاں بحق ہونے والے کارکنوں کی یاد میں شمعیں روشن کیں،اس موقع پر تحر یک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی اسد عمر ،پی ٹی آئی رہنما فوزیہ قصوری ،فیصل جاوید خان اور سیکڑوں کارکنوں موجود تھے۔

اس موقع پر ڈی چوک میں جاں بحق ہونے والے کارکنوں کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کر تے ہوئے فوزیہ قصوری نے کہا کہ آزادی دھر نے میں ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے کارکنوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی ،ہم انکی قربانیوں کو بھولے نہیں ،حکومت کو ہمارے کارکنوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔

اس موقع پر تحر یک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا کہ آزادی دھر نے میں آج کے دن ہمارے نہتے کارکنوں پر پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ آنسو گیس کی شیلنگ اور تشدد کیا گیا جو پوری رات جاری رہا مگر ہمارے کارکن گھبرائے نہیں اور ڈٹ کر ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کیااور اپنے حقوق اور پاکستان کی بقا کیلئے اپنی جانیں تک دے دیں،ہم ان کارکنوں کو سلام پیش کر نے کیلئے آج یہاں اکٹھے ہوئے ہیں،کارکنوں کی قربانیاں حکمرانوں کو پیغام ہے کہ جب تک ان کے حقوق جن کی بات علامی اقبال نے اپنے اشعار اور قائد اعظم نے کی مل نہیں جاتے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گئے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بیرون ملک جائیدادیں بڑھ رہی ہیں اور عوام دن بدن غریب تر ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں علامہ اقبال کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی اور پاکستان کو ایسا ملک بنائے گی جس پر پوری قوم فخر اور دنیا رشک کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں