چیئرمین سینیٹ کے احکامات پر چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سمیت سینیٹرز کی تنخواہوں اور مراعات کی تفصیلات سینیٹ ویب سائٹ پر جاری

منگل 1 ستمبر 2015 14:20

اسلام آباد ۔ یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اپریل۔2015ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کے احکامات پر سینیٹ کے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سمیت سینیٹرز کی تنخواہوں اور مراعات کی تفصیلات سینیٹ ویب سائٹ پر جاری کردی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ کو چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر جدید خطوط پر استوار کیاگیا اور اس میں کئی نئی چیزیں شامل کی گئی ہیں جن میں پبلک پٹیشنز کا طریقہ کار اور ارکان سینیٹ کی تنخواہوں اور مراعات کے بارے میں تفصیلات شامل ہیں۔

ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق چیئرمین سینیٹ کٹوتیوں کے بعد ایک لاکھ 16 ہزار 674 روپے تنخواہ وصول کررہے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین کی تنخواہ اور الاؤنسز 2 لاکھ 32 ہزار 976 روپے، قائد ایوان کی تنخواہ اور الاؤنسز 2 لاکھ 35 ہزار 826 ، قائد حزب اختلاف کی تنخواہ اور الاؤنسز 2 لاکھ 17 ہزار365 روپے ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین کو سرکاری رہائش گاہ کی سہولت میسر ہے جس کی وجہ سے وہ کسی قسم کا ہاؤس رینٹ نہیں لیتے جبکہ ڈپٹی چیئرمین، قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف ہاؤس رینٹ کی مد میں ایک لاکھ سے زائد رقم لے رہے ہیں۔

قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کی تنخواہ اور الاؤنسز 89 ہزار 502 روپے ہے ۔ اس کے علاوہ انہیں ایک سٹاف کار بمعہ 360 لیٹر پٹرول ، گریڈ 17 کے ایک پرائیویٹ سیکرٹری ، گریڈ 15 کے ایک سٹینو گرافر، ڈرائیور اور نائب قاصد کی سہولت بھی حاصل ہے۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین 3 لاکھ روپے سالانہ کے ٹریول واؤچریا 90 ہزار سالانہ کے کیش ان لیو ٹریول واؤچر یا 20 بزنس کلاس اوپن ایئر ٹکٹس حاصل کر سکتے ہیں۔

دیگر سفری مراعات کے علاوہ انہیں سینیٹ سیشن یا کمیٹی اجلاس میں شرکت پر 1750 روپے کا ڈیلی الاؤنس (آرڈینری) 3 ہزار روپے ڈیلی الاؤنس (سپیشل ریٹ) ، 2 ہزار روپے کنوینس الاؤنس، 2 ہزار ہاؤسنگ الاؤنس ملتا ہے۔ انہیں 5 ہزار ماہانہ ٹیلی فون کی سہولت کے علاوہ مفت میڈیکل اور آفس کی سہولت بھی حاصل ہے جبکہ ایک عام سینیڑ کی تنخوا الاؤنسز 76 ہزار 802 روپے ہیں۔ انہیں سرکاری گاڑی کی کوئی سہولت حاصل نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں