سی ڈی اے نے موسم برسات کی جاری شجر کاری مہم کے دوران دارالحکومت2لاکھ پودے لگائے دئیے ہیں، محمد عرفان

منگل 1 ستمبر 2015 18:40

اسلام آباد ۔ یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) سی ڈی اے نے موسم برسات کی رواں شجر کاری مہم کے دوران دارالحکومت2لاکھ پودے لگائے دئیے جبکہ باقی ایک لاکھ پودے 30ستمبر تک لگا دئیے جائینگے۔ سی ڈی اے ما حولیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محمد عرفان نے منگل کو ”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء“ کو بتایا کہ سی ڈی اے نے رواں شجرکاری مہم کے دوران نیشنل پارک، پارک ڈائریکٹوریٹ اور اسلام آباد کے دیہی علاقوں سمیت دیگر علاقوں میں دو لاکھ پودے لگا دیئے ہیں جبکہ دارالحکومت اور اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں باقی ایک لاکھ پودے 30 ستمبر تک لگا دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے پارک انکلیو میں پودا لگا کر باضابطہ طور پر رواں آزادی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کی ہدایت پر سی ڈی اے مقامی موسم سے مطابقت رکھنے والے پودوں پر زیادہ زور دے رہا ہے کیونکہ مقامی پودے موسم کی حدت اور شدت برداشت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے ہر سال موسم برسات اور موسم بہار کی شجرکار ی مہم کا آغاز کرتا ہے تاہم یہ ایک روایت ہے جس میں شہریوں کو درخت لگانے کی ترغیب اور درختوں کی افادیت سے آگاہ کیا جاتا ہے تاہم سی ڈی اے کا انوائرنمنٹ ونگ سار ا سال مسلسل پودے لگانے، ان کی دیکھ بھال کرنے اور ان کی افزائش کو ممکن بنانے کے لئے سرگرم عمل رہتاہے اور یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد ملک کا خوبصورت ، سر سبز و شاداب اور قدرتی خوبصورتی کا حامل منفرد شہر ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محمد عرفان نے کہا کہ رواں سال موسم برسات کی شجرکاری کے لئے مرکزی حکومت نے سی ڈی اے کو 3لاکھ پودے فراہم کئے ہیں تاہم سی ڈی اے مختلف سکولوں، کالجوں ، این جی اووز اور دیگر اداروں کے اشتراک سے 4لاکھ 50ہزار پودے لگائے گا جن میں چیڑ، پائن ، کچنار، املتاس، دہریک ، جیکرانڈہ، زیتون اور جامن وغیرہ کے پودے شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رواں شجر کاری مہم کے دوران سی ڈی اے 2لاکھ 25ہزار پودے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں جبکہ 75ہزار پودے اسلام آباد میں موجود پارکوں اورمیڈین سٹرپس پر لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ موسم برسات کی شجرکاری کے پہلے روز سی ڈی اے کے منفرد ہاؤسنگ منصوبے پارک انکلیو میں 30ہزار پودے لگائے دئیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں