الیکشن کمیشن کے ٹربیونلز کی مدت میں توسیع کے فیصلے کے حوالے سے تاخیر سے آگاہ کرنے پر دو افسران 3 ماہ کیلئے معطل

منگل 1 ستمبر 2015 22:38

اسلام آباد ۔ یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کے ٹربیونلز کی مدت میں توسیع کے فیصلے کے حوالے سے تاخیر سے آگاہ کرنے پر دو افسران کو 3 ماہ کے عرصہ کیلئے فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ منگل کو یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن نے 22 جون کو پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں الیکشن ٹربیونلز کو 31 اگست تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا تھا اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا تھا کہ ان ٹربیونلز کو 31 اگست 2015ء تک زیر سماعت 28 کیسز نمٹانے کیلئے کہا جائے اس طرح کمیشن مقررہ تاریخ تک ان کا کنٹریکٹ ختم کر سکے گا، اگر کسی صورت میں کیسز زیر التواء رہے تو زیر التواء پٹیشنوں کو نمٹانے کیلئے ہائی کورٹس کے حاضر سروس ججوں کی تعیناتی کیلئے متعلقہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے متعلقہ سیکشن کو 23 جون کو فیصلہ عملدرآمد کیلئے وصول ہوا تاہم 19 اگست 2015ء تک فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوا جب اے ڈی جی (لیگل) نے لاہور ہائیکورٹ، سندھ ہائیکورٹ اور پشاور ہائیکورٹ کے رجسٹرارز سے خطاب کرتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ زیر سماعت پٹیشنوں کو نمٹانے کیلئے متعلقہ ہائیکورٹس کے حاضر ججوں کی تعیناتی کے سلسلے میں کمیشن کے فیصلے کو متعلقہ چیف جسٹس کے سامنے پیش کریں کیونکہ 31 اگست 2015ء تک ٹربیونلز کے کنٹریکٹ کی میعاد ختم ہو جائے گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کی تاخیر کی اطلاع کا سیاسی حلقوں اور میڈیا میں واویلا کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے بعض افسران کی اس غفلت پر الیکشن کمیشن کی ساکھ کو نقصان ہوا جس کے باعث ای اینڈ ڈی قواعد کے تحت متعلقہ افسران کیخلاف سخت انضباطی کارروائی ضروری ہوئی۔ اس سلسلے میں ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد سعید اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ سیکشن محمد رمضان کمیشن کے فیصلے کی نقل عملدرآمد کیلئے متعلقہ حلقوں کو بروقت پہنچانے میں ناکام رہے۔

اس لئے الیکشن کمیشن نے فوری طور پر 3 ماہ کی مدت کیلئے ان دونوں افسران کو ملازمت سے معطل کر دیا ہے اور ڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن کو قانون کے مطابق انکوائری مکمل کرنے کیلئے انکوائری آفیسر مقرر کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں