سی ڈی اے کے دو یونین راہنماؤں کو ترقی دے دی گئی

بدھ 2 ستمبر 2015 13:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) وفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے کے دو یونین راہنماؤں کو چیئرمین کی منظوری کے بعد ترقی دے دی گئی ہے ۔ دونوں راہنماؤں حاجی مشتاق اور راجہ نور الہیٰ نے سیاسی سرگرمیوں کے باعث اپنی ترقی لینے سے انکار کر رکھا تھا لیکن اب دونوں راہنما دو ماہ بعد ریٹائر ہو رہے ہیں۔اس لئے یونین نے چیئرمین معروف افضل کے ذریعے ان دونوں راہنماؤں کو گزٹیڈ آفیسر کے طور پر ترقی دلوائی ہے ۔

حاجی مشتاق جو کہ سی ڈی اے یونین کے جنرل سیکرٹری کے طور پر کام کرتے رہے ہیں اور وہ آئندہ ماہ اکتوبر میں ریٹائر ہونے والے ہیں ۔انہیں دو ماہ پہلے ترقی دی گئی جبکہ یونین کی قیادت نے معاملے کو توازن میں رکھنے کے لئے مسلسل چار بار جنرل سیکرٹری کے عہدے کے لئے الیکشن ہارنے والے راجہ نورالہیٰ کو بھی اسی طرح ترقی دلوائی ہے ۔

(جاری ہے)

ان دونوں کو 2008 سے ترقی اور واجبات کی ادائیگی کا حکم دیا گیا ہے ۔

راجہ نورالہیٰ چودھری یاسین گروپ کے بدترین مخالف سمجھے جاتے ہیں لیکن چودھری یاسین نے اپنے دست راست حاجی مشتاق کی طرح انہیں بھی واجبات اور ترقی دلوائی ہے ۔دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ دونوں راہنما اپنی ترقی سے انکار کرتے رہے ہیں اور سی ڈی اے رولز کے تحت انہیں ترقی نہیں دی جا سکتی تھی مگر چیئرمین سی ڈی اے نے یونین کی وجہ سے اپنی قانونی رائے کو محفوظ رکھا ۔

یونین راہنما چودھری یاسین نے اس حوالے سے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں لیڈر ترقی کا حق رکھتے تھے حق حقدار کو ملنا چاہئے چاہے وہ مخالف ہی کیوں نہ ہو ۔دونوں کی اے سی آر نہیں لکھی گئی تھی اس لئے دونوں کو ترقی دے دی گئی ہے اور ان کے واجبات بھی ملیں ۔ اپنی تمام زندگی ورکروں کے لئے وقف کرنے والوں کے لئے یہ ترقی کوئی اہمیت نہیں رکھتی ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں