وزیر اعظم سے اسحاق ڈار کی ملاقات ،سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے پارٹی قائدین سے رابطہ تیز کرنے کی ہدایت

بدھ 2 ستمبر 2015 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی ہے جس میں ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی کے احتجاج ،آصف علی زرداری کے بیانات اور ایم کیوایم کے استعفوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے ،ذرائع کے مطابق بدھ کے روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے جس میں ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری اور کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن پر پی پی پی اور ایم کیوایم کی ناراضگی ،سابق صد ر آصف علی زرداری کے بیانات اور احتجاج سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور موجودہ سیاسی بحران کے خاتمے کے لئے مشاورت کی گئی ہے ،ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم نواز شریف کو ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ہونے والے رابطوں سے آگا ہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف نے اسحاق ڈار کو فوری طور پر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤ ں سے رابطوں کو تیز کرنے اور معاملے کو حل کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس حوالے سے لیگل کمیٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کا کہا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں