کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی نے چترال میں سیلاب سے متاثرہ 7 ہزار خاندانوں کو علاج معالجے، راشن کی مفت فراہمی کے علاوہ ٹینٹ اور نقد رقوم تقسیم کیں، عید الضحیٰ پر قربانی بھی کی جائے گی

صدر کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی ڈاکٹر آصف محمود جاہ

بدھ 2 ستمبر 2015 13:40

اسلام آباد ۔ 2 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی نے چترال میں سیلاب سے متاثرہ 7 ہزار خاندانوں کو علاج معالجے کی مفت سہولتیں فراہم کیں اور ان کو راشن کی مفت فراہمی کے علاوہ ان میں ٹینٹ اور نقد رقوم بھی تقسیم کیں۔ یہ بات کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی صدر ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے سوسائٹی کے وفد کے چترال کا 7 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد ایک ملاقات میں بتائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چترال کے بیشتر علاقے سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہوئے جس سے لوگوں کے مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ سوسائٹی نے ان کیلئے عارضی خیموں کا بھی اہتمام کیا اور مستقل بنیادوں پر ایک ڈسپنسری کا انتظام کیا گیا جس سے متاثرین کو مفت ادویات کی فراہمی کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سوسائٹی ملک بھر میں متاثرین سیلاب کیلئے 750گھر تعمیر کر چکی ہے اور اپنا گھر سکیم کے تحت چترال میں بھی گھر تعمیر کئے جا رہے ہیں جبکہ ایک مسجد کی تعمیر کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عید الضحیٰ کے مو قع پر چترال میں قربانی بھی کی جائے گی اور متاثرہ لوگوں میں گوشت تقسیم کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں