بلوچستان میں قیام امن کیلئے بلوچ رابطہ تحریک نے بڑے پیمانے پر قبائلی سرکردہ شخصیات سے رابطے شروع کردیئے ‘ پرنس محی الدین

بلوچستان میں بھائی چارہ اور امن کی فضا قائم ہوجائے گی ‘ قائد بلوچ رابطہ اتفاق تحریک اور سابق وزیر کا بیان

بدھ 2 ستمبر 2015 14:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) قائد بلوچ رابطہ اتفاق تحریک (BRIT) اور سابق وفاقی وزیر برائے مواصلات پرنس محی الدین بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے بلوچ رابطہ تحریک نے بڑے پیمانے پر قبائلی سرکردہ شخصیات سے رابطے شروع کردیئے ہیں اور جلد ہی ان سے مذاکرات کیلئے گرینڈ جرگہ عیدالضحیٰ کے بعد منعقد ہوگااور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ اس جرگے سے بلوچستان میں حالات بالکل پرامن ہوجائیں گے اور بلوچستان میں بھائی چارہ اور امن کی فضا قائم ہوجائے گی۔

اپنے ایک بیان میں پرنس محی الدین بلوچ نے کہا کہ صوبائی حکومت ان سے برابر رابطے میں ہیں اور اس ضمن میں بلوچستان کے سیاسی اور غیرسیاسی رہنماؤں سے خصوصی طور پر رابطے کئے جا رہے ہیں اوران قبائیلی رہنماؤں کی بھی خواہش ہے کہ خان آف قلات کی سربراہی میں اس نیک عمل کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

پرنس محی الدین بلوچ نے کہا کہ حکومت اوربلوچ عوام کے درمیان غلط فہمیوں کا بھی ازالہ کرنے کی ضرورت ہے اور بلوچ قوم کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کیلئے بھرپور کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

پرنس محی الدین بلوچ نے کہا کہ قبائلی سرکردہ رہنماؤں کا خان آف قلات سلیمان داؤد پربھرپور اعتماد ہے اور انشاء اللہ ان کے ساتھ رابطوں کے مثبت نتائج نکل آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ اپنے صوبے میں آزادانہ زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں جبکہ اس وقت وہ محرومیوں کا شکارہیں جن کے ازالہ کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں