پاک چین اقتصادی راہداری پر عطاآباد جھیل کے مقام پر سنگلاخ پہاڑوں میں نئی سڑک اور سرنگوں کی تعمیر مکمل

شاہراہ قراقرم پر پاک چین تجارتی راہداری ایک بار پھر بحال ہو گئی

بدھ 2 ستمبر 2015 17:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) پاک چین اقتصادی راہداری پر عطاآباد جھیل کے مقام پر سنگلاخ پہاڑوں میں نئی سڑک اور سرنگوں کی تعمیر مکمل ہو گئی جس کے بعد شاہراہ قراقرم پر پاک چین تجارتی راہداری ایک بار پھر بحال ہو گئی ہے۔ذرائع کے مطابق عطا آباد جھیل کے مقام پر 23 کلومیٹر نئی سڑک کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے جس میں 7 کلومیٹر کی 5 سرنگیں بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ہر سرنگ کے لئے الگ کنٹرول روم قائم کیا گیا جبکہ سرنگوں کے اندر روشنی برقرار رکھنے کے لئے شمسی توانائی کا انتظام کیا گیا ہے۔عظیم دوست چین کی تعمیراتی کمپنی چائنہ روڈز اینڈ برجز کنسٹرکشن کارپوریشن نے دشوار گزار اور ہزاروں میٹر بلند پہاڑوں کا سینہ چیر کر اپنے سرمائے سے ریکارڈ مدت میں سرنگ تعمیر کی ۔عالمی معیار کے جدید تقاضوں سے آراستہ یہ سرنگ ہنزہ میں عطا آباد جھیل سے گلمتھ تک تعمیر کی گئی۔امید کی جارہی ہے کہ جمعرات کے روز وزیر اعظم اس پاک چین دوستی کی اس عظیم نشانی کا افتتاح کریں گے جس کے بعد 4 جنوری 2010ء سے لے کر اب تک چین اور پاکستان کے درمیان روکا ہوا تجارتی سلسلہ مکمل طور پر بحال ہو جائیگا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں