اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم پر پابندی لگانے کے حوالے سے دائر درخواست قبل از وقت قرار دے کر مسترد کر دی

بدھ 2 ستمبر 2015 22:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم پر پابندی لگانے کے حوالے سے دائر درخواست قبل از وقت قرار دے کر مسترد کر دی ۔ درخواست میں ایم کیو ایم ، الطاف حسین، فاروق ستار ، وفاق اور الیکشن کمیشن کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیا تھا کہ الطاف حسین برطانوی شہری اور ایم کیو ایم غیر ملکی امداد پر چلنے والی جماعت ہے۔

الطاف حسین نے ریاست اور اس کے اداروں بشمول پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کی۔

(جاری ہے)

غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والی جماعت دہشت گرد کارروائیوں میں بھی ملوث ہے اور اس کا وجود ملکی سالمیت کے لئے خطرہ ہے لہٰذا وفاق کو ایم کیو ایم پر پابندی لگانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی جائے۔ مظہر اقبال نامی شہری کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت بدھ کو عدالت عالیہ کے جسٹس اطہر من اﷲ پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر مسرور شاہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے جن کے دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے درخواست قبل از وقت قرار دے کر خارج کر دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں