احتساب عدالت نے کوٹیکنا اور ایس جی ایس ریفرنسز میں آصف زرداری کی بریت کی درخواست پرسابق ڈپٹی چیئرمین احتساب بیورو حسن افضل کو بیان قلمبند کرانے کے لئے 9 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دیدیا

بدھ 2 ستمبر 2015 22:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت نے کوٹیکنا اور ایس جی ایس ریفرنسز میں سابق صدر آصف علی زرداری کی بریت کی درخواست کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے سابق ڈپٹی چیئرمین احتساب بیورو حسن وسیم افضل کو بیان قلمبند کرانے کے لئے 9 ستمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ سابق صدر کی مذکورہ ریفرنسز میں بریت کی درخواست کی سماعت گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے موقف اپنایا کہ دونوں ریفرنسز کا اصل ریکارڈ ہی موجود نہیں ، صرف فوٹو کاپی کا ریکارڈ ہے۔ اس پر فاضل جج نے کہا کہ ریکارڈ تو تصدیق شدہ ہے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ جس نے ریکارڈ کی تصدیق کی اسے عدالت میں آکر بتانا چاہئے۔ فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیا ریفرنسز کا اصل ریکارڈ مل سکتا ہے؟ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ نیب پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ ریکارڈ کے اصل کاغذات موجود نہیں ہیں ، کیس کی تفتیش کرنے والا افسر بھی کہتا ہے اس نے کبھی اصل ریکارڈ نہیں دیکھا۔ نیب کے پاس آصف زرداری کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں ہیں۔ فاروق ایچ نائیک کے دلائل سننے کے بعد فاضل جج نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں