یوم دفاع کے موقع پر پاکستان ٹیلی ویژن کی خصوصی میراتھان نشریات ”دیا جلائے رکھنا“جاری رہے گی

جمعہ 4 ستمبر 2015 13:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) پاکستان ٹیلی ویژن یوم دفاع کے موقع پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے چھ ستمبر کو اپنے ناظرین کے لیے خصوصی میراتھان ٹرانسمشن ”دیا جلائے رکھنا“پیش کرے گا جو سارا دن جاری رہے گی۔ اس خصوصی نشریات میں ملک کے نامور شعرا، لکھاری ،نوجوان ،اور ادبی شخصیات شرکت کریں گی۔چھ ستمبر کے حوالے سے کچھ پروگرام آئی ایس پی آر کے اشتراک سے پیش کیے جائیں گے۔

1965 کو ہونے والی پاک بھارت جنگ اور دہشت گردی کے خلاف جاری حالیہ آپریشن ضرب عضب میں کارہاں نمایاں سرانجام دینے والے جانبازوں کے خصوصی انٹرویوز پروگرام ”غازی“میں پیش کیے جائیں گے۔یوم دفاع کی مناسبت سے مشہور جنگی ترانے اور آرمی پبلک سکول کے سانحہ پشاور پر امجد اسلام امجد کا لکھا گیا خصوصی گیت جسے راحت فتح علی خان نے گایا ہے پی ٹی وی کے تمام مراکز سے پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ملکی دفاع کے لیے افواج پاک کی آبرومندانہ جدوجہد پر آئی ایس پی آر کی تیارکردہ ایک خصوصی ڈاکیومینٹری بھی اس نشریات کا حصہ ہے۔اس کے علاوہ خصوصی کھیل ”آپریشن دوارکا“ ، ”انٹر یونیورسٹی کوئز شو“، ”عظمتوں کے نشان“،پاکستان ائیر فورس کا خصوص کھیل” شہ پر“،” خصوصی مشاعرہ‘، خصوصی بچوں کا کھیل” ہم سب ایک ہیں“نوجوانوں کا خصوصی پروگرام ”دیا جلائے رکھنا“ دیفنس ڈے شو“ اور دیگر پروگرام بھی یوم دفاع کی خصوصی نشریات میں شامل ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں