اچھے برے کی تمیز کئے بغیر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے،تر جما ن دفتر خارجہ

جمعہ 4 ستمبر 2015 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں اپنے وسائل سے 1.9 بلین ڈالر خرچ کئے‘ عالمی سطح پر آپریشن ضرب عضب کو سراہا گیا ہے‘ اچھے اور برے کی تمیز کئے بغیر تمام دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے‘ پاکستان رینجرز اور بی ایس ایف کے درمیان ملاقات رواں ماہ نئی دہلی میں شیڈول کے مطابق ہو گی‘ مشیرخارجہ سرتاج عزیز دو نکاتی ایجنڈا افغان قیادت کے سامنے رکھیں گے‘ لیبیا نے کسی پاکستانی پر ویزے کی پابندی نہیں لگائی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کیا۔ قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں اپنے وسائل سے 1.9 بلین ڈالر خرچ کئے ہیں۔ اس آپریشن کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

اوبامہ کی ایڈوائزر سوزن رائس پاکستان کے دورے پر تھیں تو انہوں نے بھی ضرب عضب کی کامیابی پر پاکستان کی تعریف کی تھی۔

تاہم وزیراعظم کا دورہ امریکہ میں وائٹ ہاؤس کی جانب سے ڈو مور کا کوئی مطالبہ سامنے نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ضرب عصب سے متاثر ہونے والے آئی ڈی پیز کی بحالی کے لئے بھی کام کیا جا رہا ہے اور بہت جلد آٹھ لاکھ آئی ڈی پیز کو ان کے گھروں میں واپس بھیج دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشیر خارجہ کا دورہ افغانستان میں افغان صدر نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کرینگے جس میں وہ پاکستان کی جانب سے دو نکاتی ایجنڈا سامنے رکھیں گے۔

پاکستان کے خلاف افغانستان کے اندر منفی پروپیگنڈے کی فضاء کو بنانے میں بھارتی ایجنسیوں کا ہاتھ ہے۔ پاکستان افغانستان کی قیادت کو واضح پیغام دینا چاہتا ہے کہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ نہ کیا جائے اور مذاکرات کے ذریعے اپنے مسائل حل کرنے پر بھی زور دے گا۔ پاکستان یہ بات پہلے بھی واضح کر چکا ہے کہ حقانی نیٹ ورک ہو یا کوئی بھی گروپ ہو اس کے خلاف کارروائی بلا تعطل جاری ہے۔

افغانستان پاکستان پر حقانی نیٹ ورک کے ساتھ تعاون کرنے کا محض الزام لگا رہا ہے کوئی ثبوت سامنے نہیں ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ افغانستان کے اندر پاکستانی سفارتخانے کے سیکیورٹی معاملات پر شدید تحفظات ہیں۔ افغانستان عالمی قوانین کی پابندی کرتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے کی سیکیورٹی بڑھائے اور ہمارے سفارتکاروں کو تحفظ فراہم کرے۔

مشیر خارجہ سفارتخانے کی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی معاملات افغانستان کے صدر اور ان کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کی کامیابی مختلف فورمز پر شیئر کریں گے اور اس کے ساتھ افغان حکومت کے ساتھ بھی شیئر کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لیبیا نے پاکستانیوں پر کسی بھی قسم کی سفری پابندی نہیں لگائی یہ محض میڈیا پر چلنے والی خبروں کی حد تک ہے۔ پاکستان کے سفارتخانے میں اب تک کوئی بھی آفیشل طور پراطلاع نہیں دی اور نہ ہی ایسی کوئی بات ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں