اسلام آباد : عمران فاروق قتل کیس، اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم تفتیش مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 4 ستمبر 2015 16:20

اسلام آباد : عمران فاروق قتل کیس، اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم تفتیش مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 04 ستمبر 2015 ء) :اسکاٹ لینڈ یارڈ کی تین رکنی ٹیم ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہوگئی. دوران تفتیش ملزم محسن علی نے اعتراف جرم کرتے ہوئے سازش کے پیچھے لندن اور کراچی کی بعض اہم شخصیات کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف کر ڈالا۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی برطانوی پولیس نے مرکزی ملزم محسن علی سے دوروز تک تحقیقات کیں، دوران تفتیش ٹیم نے ملزم محسن علی سے مختلف سوالات بھی کئے،محسن علی سے قتل کے اصل اسباب جاننے کی کوشش بھی کی گئی جبکہ ملزم سے دوران تفتیش جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، محسن کے بیان کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی گئی۔

کیس کے مرکزی ملزم نے غیر ملکی تفتیشی ٹیم کے سامنے ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کو کاشف کے ساتھ مل کر اینٹ اور چھری کی مدد سے قتل کیا گیا، سارے عمل میں انہیں معظم علی اور چند اہم شخصیات کی معاونت بھی حاصل رہی،ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی پولیس ملزم کے بیان کی روشنی میں لندن میں بھی تحقیقات کرے گی برطانوی پولیس اس سے قبل دو ملزموں معظم علی اور خالد شمیم سے تفتیش مکمل کر چکی ہے اس وقت ٹیم کو ملزم محسن تک رسائی نہیں دی گئی تھی.برطانوی حکام نے ملزموں کی حوالگی کا مطالبہ بھی کررکھاہے، جس پر پہلے تو پاکستان نے کچھ تحفظات کااظہار کیا تھا لیکن وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران حوالگی کا معاملہ کافی حد تک طے پا گیا ہے اور اس حوالے سے وزارت داخلہ،وزارت قانون اور وزارت خارجہ باہم رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم کا حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان اسکاٹ لینڈ یارڈ کی پاکستان آمد اور اہم ملزم سے تفتیش بھی ہے، اس حوالے سے ایم کیو ایم نے اپنے تحفظات سے کسی حد تک حکومت کو آگاہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں