بلوچستان کی یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران کا تربیتی کورس اختتام پذیر

جمعہ 4 ستمبر 2015 16:53

اسلام آباد ۔ 4 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) بلوچستان کی یونیورسٹیوں میں تدریسی خدمات انجام دینے والے فیکلٹی ممبران کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافہ کیلئے منعقدہ 15 روزہ تربیتی کورس اختتام پذیر ہو گیا۔ اس کورس کا اہتمام پاکستان میں سماجی علوم کی ترویج کیلئے قائم انٹر یونیورسٹی کنسورشیم، کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، نیشنل ٹیسٹنگ سروس پاکستان اور حکومت بلوچستان کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔

اس موقع پر سپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبد القدوس بزنجو، چیئرمین انٹریونیورسٹی کنسورشیم ڈاکٹر ناصر علی خان، ریکٹر کامیسٹس ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی، چیف ایگزیکٹو آفیسر این ٹی ایس ڈاکٹر ہارون الرشید، ڈائریکٹر فیکلٹی ڈویلپمنٹ اکیڈمی ایس ایم جنید، ورکشاپ کوآرڈنینٹر محمد مرتضی نور، کنڑولر بلوچستان ہاؤس اسلام آباد محمد افضل سمیت بلوچستان کی جامعات سے22 فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبد القدوس بزنجو نے بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے انٹر یونیورسٹی کنسورشیم ، کامسیٹس اور این ٹی ایس کی مشترکہ کاوشوں کو سرہتے ہوئے یقین دلایا کہ بلوچستان حکومت مستقبل میں بھیکنسورشیم کے رکن اداروں اور پارٹنر تنظیموں کی مہارت سے فائدہ حاصل کرنے کے عمل کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اعلیٰ تعلیم ملک بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے مابین تعاون اور باہمی اشتراک نہایت ضروری ہے اس سلسلے میں وائس چانسلرز، یونیورسٹی اساتذہ اور طلبہ کے باہمی دوروں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

انہوں نے کامیٹس انسٹیوٹ کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے سالانہ 50 پی ایچ ڈی سکالر شپ کے اعلان کو بھی سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے نوجوان اس موقع سے بھر پور استفادہ کرتے ہوئے ملک و قوم اور صوبے کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں گے۔واضح رہے کہ بلوچستان حکومت کے تعاون سے انٹریونیورسٹی کنسورشیم کے سربراہان کا ایک اہم اجلاس 9 اور 10 اپریل 2015ء کو گوادر میں منعقد ہوا تھا جس میں بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے گوادر ڈیکلریشن کے تحت سالانہ پچاس شپ سکالر شپ کا اعلان کیا گیا تھا۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی نے شرکاء میں سرٹیفیکٹ بھی تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں