بھارت نے حملے کی حماقت کی تو 5لاکھ ریٹائرڈ فوجی اور 10لاکھ حریت پسند کشمیری بھارت کو کشمیر سے بھگا کر دم لیں گے؛ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ارشد ندیم ایڈووکیٹ

جمعہ 4 ستمبر 2015 17:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بھارت نے حملے کی حماقت کی تو 5لاکھ ریٹائرڈ فوجی اور 10لاکھ حریت پسند کشمیری بھارت کو کشمیر سے بھگا کر دم لیں گے،نریندر مودی اور اس کے چیف آف آرمی سٹاف خطے میں جنگ کی بھٹی گرم کرنا چاہتے ہیں عالمی برادری اس کا نوٹس لے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوئی تو یہ ایٹمی جنگ ہو گی اس سے پوری دنیا متاثرہو گی جماعت اسلامی 6ستمبر کو یوم دفاع پاکستان اور یوم عزم آزادی کشمیر بھرپور انداز سے منائے گی ،ان خیالات کااظہار انہوں نے امراء اضلاع سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ 6ستمبر کو یوم دفاع پاکستان اور یوم عزم آزادی کشمیر پورے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں منایا جائے گا اہل کشمیر پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں ہندوستان سیز فائر لائن اور ورکنگ بونڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے کشیدگی میں اضافے کا باعث بن رہا ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے قائدین اور حریت پسند عوام نے نریندر مودی کے انتہا پسندانہ ایجنڈے کو ناکام بنا دیا ہے اور وہ اپنی خفت مٹانے کے لیے سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کررہا ہے جس کا عالمی برادری نوٹس لے ،انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف کشمیر پر سنجیدہ اقدامات اٹھائیں پہلے مرحلے پرکشمیری قیادت سے مشاورت کر کے جامع پالیسی اور ٹھوس حکمت عملی واضع کریں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں جو تخریب کاری کررہاہے اس کے ثبوت بھی عالمی سطح پر پیش کیے جائیں اور بھارت کے خلاف ایک بھرپور سفارتی مہم منظم کی جائے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے 5لاکھ شہداء پیش کیے ہیں اور وہ اپنی آزادی کے لیے مزید قربانیاں دینے کے لیے پرعزم ہیں پاکستان کشمیریوں کے وکیل اور فریق ہونے کے ناطے اپنا کردا ر ادا کرے،تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا تقاضاہے کہ بیس کیمپ کے کردار کو بحال کیا جائے موجودہ حالات میں بیس کیمپ کا کردار اور بڑھ گیا ہے جبکہ بیس کیمپ میں ظلم نا انصافی میرٹ کی پامالی کرپشن اور اقرباپروری نے آزاد خطے کے عوام کو مسئلہ کشمیر سے لا تعلق کر دیا ہے جماعت اسلامی بیس کیمپ کے حقیقی کردار کی بحالی اور عو امی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کررہی ہے ،کشمیر کی آزادی اور آزاد خطے میں تبدیلی کے لیے کارکن ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک پہنچیں،امراء اضلاع اس حوالے سے ٹھوس منصوبہ بندی اور پورے جوش و جذبے کے ساتھ اپنی ٹیم کو لے کر میدان میں اتریں یہ فرسودہ نظام ریت کی دیوار ثابت ہو گا ۔

`

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں