روپے کو دس فیصد کمزور کرنے کی تجویز غریب دشمنی ہے،درآمدات 22.5 فیصدمہنگی، معیشت کی ڈالرئیزیشن کا عمل تیز ہو جائے گا، وزیر خزانہ نے انتھک کوششیں کر کے روپے کو استحکام بخشا، غیر مستحکم نہیں کیا جا سکتا

اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے صدر شاہد رشید بٹ کا بیان

جمعہ 4 ستمبر 2015 18:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ٹی ڈی اے پی کے سربراہ ایس ایم منیر کی برامدات بڑھانے کیلئے روپے کو دس فیصد کمزور کرنے کی تجویز غریبوں اور ملک سے دشمنی ہے۔ امراء کے کلب کی نمائندگی کرنے والے کسی اور کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اسلئے انھیں انکے عہدے سے فوری برخاست کر کے تحقیقات کروائی جائیں۔

کالی بھیڑوں نے برامدات کو تباہ کرنے کے بعد معیشت کو برباد کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے جسے ناکام بنایا جائے گا۔ وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے انتھک کوششیں کر کے روپے کو استحکام بخشا جسے غیر مستحکم کرنے کیلئے سازشوں کی اجازت دی جا سکتی نہ انکی محنت پر پانی پھیرا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

شاہد رشید بٹ نے تاجروں کی ہنگامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمزور کرنسی کرنے سے جہاں برامدات میں کچھ اضافہ ہو گا وہیں درامدات 22.5 فیصدمہنگی ہو جائینگی جس سے افراط زر اور بجٹ خسارہ مزید بڑھ جائے گا۔

پاکستان کی درامدات برامدات سے کہیں زیادہ ہیں اسلئے اس میں فائدہ ایکسپورٹرز کا اور نقصان بیس کروڑ عوام کا ہو گا۔ کرنسی کے عدم استحکام سے دنیا میں منفی پیغام جائے گا جس سے بیرونی سرمایہ کاری متاثر ہو گی جو پہلے ہی بہت کم ہے جبکہ معیشت کی ڈالرئیزیشن کا عمل تیز ہو جائے گا ۔ایسے موقع پر جب پاکستان کے لاکھوں تاجروں نے بینک ٹرانزیکشنز پر ٹیکس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بینکوں کو بائی پاس کرتے ہوئے ڈالروں میں لین دین شروع کر دیا ہے اس تجویز کو حماقت کے علاوہ کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا کیونکہ اس سے قرضے اور سود بڑھنے کے علاوہ چین کی جانب سے کی جانے والی ریکارڈ سرمایہ کاری پر بھی اثر پڑے گا۔

بعض ممالک نے اپنی کرنسی کی قدر کم کی ہے جبکہ کئی نے برقرار رکھی ہے تاہم پاکستان اس دوڑ میں سوچے سمجھے بغیر شامل نہ ہو کیونکہ ہماری معیشت 1997-98 کے عالمی کرنسی بحران کی تاریخ دہرانے کے تجربے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں