پاک چین اقتصادی راہداری سے گلگت بلتستان میں معاشی انقلاب آئے گا،اقتصادی راہداری کی مخالفت کرنے والے ملکی ترقی کے دشمن ہیں، اقتصادی راہداری ہر صورت پایہ تکمیل پہنچا کر دَم لیں گے، قانون ساز اسمبلی انتخابات میں (ن) لیگ کی شاندار کامیابی میں یوتھ ونگ کردار نا قابلِ فراموش ہے ، گلگت بلتستان یوتھ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے

مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے صدر و رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کا یوتھ ونگ سینٹرل ورکنگ کمیٹی سے خطاب

جمعہ 4 ستمبر 2015 22:00

اِسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء ) مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے مرکزی صدر و رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی انتخابات 2015؁ء میں مسلم لیگ (ن) شاندار کامیابی دِلانے پر یوتھ ونگ گلگت بلتستان کا رول نا قابلِ فراموش ہے ۔ملک کے دِیگر صوبوں بلخصوص مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ گلگت بلتستان زیادہ فعال ہے۔

گلگت بلتستان یوتھ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر یوتھ ونگ کو منظم کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں۔پاک چین اقتصادی راہداری سے گلگت بلتستان میں معاشی انقلاب آئے گا۔اقتصادی راہداری کی مخالفت کرنے والے ملکی ترقی کے دشمن ہیں۔اقتصادی راہداری ہر صورت پایہ تکمیل پہنچا کر دَم لیں گے۔

(جاری ہے)

بہت جلد اکنامک کوریڈور کی افادیت کو اجاگر کرنے کیلئے ملک کے چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں نوجوانوں کی آپس میں روابط اور ہم آہنگی کو فروغ دِینے کیلئے یوتھ کے مختلف سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔

تمام صوبوں سمیت آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان کی پسماندگی دور کرنے کیلئے نوجوانوں کو آسان شرائط پر وزیر اعظم لون سکیم کے تحت قرضے دِیئے جائیں گے جس سے نوجوانوں کی مالی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی بہت جلد یوتھ ونگ کی تنظیم سازی کا عمل مکمل کر کے یوتھ ونگ کو فعال بنایا جائے گا۔اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے جمعہ کووزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اِجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اِجلاس میں یوتھ ونگ پاکستان کے مرکزی سرپرست اعلیٰ و اپوزیشن لیڈر کشمیر اسمبلی راجہ فاروق حیدر ، چیف کوارڈینیٹریوتھ ونگ عقیل نجم ہاشمی ، شکیل احمد سینئر نائب صدر پنجاب ، بیرسٹر خلیق الزمان انصاری صدرسندھ، میاں راشد علی شاہ صدر کے پی کے ، نقیب ترین صدر بلوچستان ، کاشف رندھاوا جنرل سیکرٹری پنجاب ، سینٹرل میڈیا انچارج ابراز بٹ، حنیف ملک صدر آزاد کشمیر ،شہزادہ حسین خان مقپون سمیت دِیگر رہنماؤں علی تاوان ،ساجد چوہان ،راجہ یاسر منشاء نے شرکت کی ۔

اِجلاس کے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر اعوان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں یوتھ ونگ کے بنیادی مسائل اور علاقے میں تعلیمی اصلاحات کے مواقع روزگار اور سپورٹس میں نوجوانوں کو قومی سطح پر نمائندگی دِینے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھا رہے ہیں۔اِجلاس میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ گلگت بلتستان کے صوبائی صدر شہزادہ حسین مقپون نے 13نکاتی ایجنڈا پیش کیا اور تفصیلی بریفنگ دِی ۔

اِس موقع پر شہزادہ حسین مقپون نے 13نکاتی ایجنڈے میں بلخصوص گلگت بلتستان کی یوتھ کو دَر پیش مسائل سے آگاء کیا۔اِجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ گلگت بلتستان کے صوبائی صدر شہزادہ حسین مقپون نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ گلگت بلتستان محدود وسائل کے باوجود علاقے میں یوتھ کے مسائل حل کرنے میں بھرپور قردار ادا کر رہی ہے۔

اِجلاس میں حالیہ الیکشن مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی پر جی بی کی عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سمیت تمام لیگی ممبران اسمبلی کو مبارکباد دِی گئی۔اِجلاس میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سمیت تمام عہدیداروں یوتھ ونگ جی بی کے عہدیداروں پر بھر پور اعتمادکا اظہار کیا گیا۔اِجلاس کے آخر میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ گلگت بلتستان کے صدر شہزادہ حسین مقپون نے حالیہ الیکشن قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان میں قائد عوام و وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی طرف سے گلگت بلتستان کیلئے میگا پروجیکٹس کے اعلانات پر عملدرآمد کرانے پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

جبکہ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر کیپٹن (ر) محمد صفدر اعوان کی طرف سے حالیہ الیکشن مہم بھرپور انداز میں چلانے پر شکریہ ادا کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں