قوم کی جڑیں کھوکھلی کر نے والے آصف زرداری پرویز مشرف کے خلاف زہراگلنے سے قبل اپنے گریبان میں جھانکیں ،سابقہ ادوارمیں پیپلز پارٹی کی قیادت اوربھارتی سیاستدانوں کے دوستانہ تعلقات قوم کو یاد ہیں ،پرویز مشرف نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو کبھی نظرانداز نہیں کیا ، زرداری اپنی اور اپنے ساتھیوں کی کرپشن کی وجہ سے شکنجہ کسے جانے پر بوکھلاگئے ہیں ،سازش کے تحت فوج او ر ان سے متعلقہ شخصیات کو بے بنیاد تنقیدکا نشانہ بنایاجارہا ہے

آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹرمحمدامجد کا پرویز مشرف کے خلاف آصف زرداری کے بیان پرردعمل

ہفتہ 5 ستمبر 2015 21:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹرمحمدامجد نے کہا ہے کہ اپنے ہردوراقتدار میں قوم کی جڑیں کھوکھلی کر کے اپنی جیبیں بھرنے والے آصف علی زرداری سیدپرویز مشرف کے خلاف زہراگلنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔واضح کیاجائے کہ آصف زرداری نے اپنے دوراقتدار میں آزاد کشمیر میں پی پی پی کی حکومت قائم کرنے کے علاوہ کشمیریوں کے لئے کیاکارنامہ سرانجام دیاہے۔

سابقہ ادوارمیں پیپلز پارٹی کی قیادت اوربھارتی سیاستدانوں کے دوستانہ تعلقات آج بھی قوم کو یاد ہیں۔سیدپرویز مشرف نے اپنے دوراقتدار میں پاک بھارت تعلقات کی بہتری،کشمیریوں کے حق خودارادیت اور خطے کے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے لئے بھارت کو مسائل حل کرنے کی تجاویز دی تھیں جن میں مسئلہ کشمیر کا حل بنیادی اہمیت کا حامل تھا۔

(جاری ہے)

سیدپرویز مشرف نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو کبھی نظرانداز نہیں کیا بلکہ ہرفورم پر مسئلہ کشمیرکواجاگر کیااور بھارت کے ساتھ کسی بھی سطح کے مذاکرات میں مسئلہ کشمیرکوسرفہرست رکھا۔

انہی کے دور میں آزاد اور مقبوضہ کشمیرکے عوام کے لئے بارڈرکھولا گیاتا کہ وہ بآسانی اپنے پیاروں سے مل سکیں،تباہ کن زلزلہ کے بعد بحالی کے لئے اربوں ڈالر سے متاثرین کی امداد کی گئی۔سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں کشمیر کے علاقوں میں مثالی ترقیاتی کام کروائے گئے ۔انہی کے دور میں چین کی مدد سے نیلم جہلم ہائیڈروپروجیکٹ پر کام ہوا جس کافائدہ بلاشبہ کشمیری عوام کو ہوا۔

آصف علی زرداری اپنی اور اپنے ساتھیوں کی کرپشن کی وجہ سے شکنجہ کسے جانے پر بوکھلاگئے ہیں۔ سازش کے تحت فوج اور فوج سے متعلقہ شخصیات کو بے بنیاد تنقیدکا نشانہ بنایاجارہا ہے۔ ہفتہ کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے آصف علی زرداری کی طرف سے آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف دئیے گئے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری دراصل اپنے دوراقتدار میں اپنے اور اپنے ساتھیوں کی کرپشن کی تحقیقات کے نتائج سے خوفزدہ ہوکر بے بنیاد پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔

حقائق یہ ہیں کہ پیپلز پارٹی کے دوراقتدار میں راجیو گاندھی سے پی پی قیادت کی ذاتی دوستی کی بنا پر ان کے وزیر کے ذریعے بھارت میں چلنے والی علیحدگی پسند سکھوں کی تحریک کے راہنماؤں کی فہرستیں بھارتی حکومت کے حوالے کی گئیں جن سے عوام اچھی طرح سے واقف ہیں۔جنرل(ر)پرویز مشرف مسئلہ کشمیر پرقومی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے بلکہ بھارت کے ساتھ ہونے والے کسی بھی سطح کے مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کا حل سرفہرست رکھا۔

جنرل(ر)پرویز مشرف خطے میں قیام امن ،خوشحالی اور ترقی کے لئے مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کروانا چاہتے تھے۔اس مقصد کے لئے انہوں نے بھارت کو تجاویز دی تھیں مگر اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں تھا کہ وہ کشمی کے حوالے سے اپنے موقف سے پیچھے ہٹے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنرل(ر)مشرف کے دور میں بھارت کے ساتھ گفت و شنید کر کے آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لئے بارڈر کھولا گیاتا کہ دونوں علاقوں کے عوام بآسانی ایک دوسرے سے مل سکیں۔

نیلم جہلم ہائنڈروپروجیکٹ کشمیر اور کشمیریوں کے لئے فائدہ مند ہے جس کی بنیاد پرویز مشرف کے دور میں رکھی گئی۔2006میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے متاثرین کی بحالی کے لئے بھرپور کاوش کر کے بین الاقوامی دنیا سے اربوں ڈالر حاصل کر کے ایرا کے ذریعے کشمیریوں کی بحالی کے لئے کام کیاگیا۔ آصف علی زرداری بتائیں کہ انہوں نے اپنے دوراقتدار میں کشمیریوں کے لئے کیا کیا؟

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں