آج کا دن بھارت کا یوم جارحیت اور پاکستان کا یوم دفاع ہے‘وزیر اطلاعات ونشریات

دشمن نے جارحیت میں ناکامی کے بعد اب دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی سازشیں شروع کر دی ہیں پاکستانی قوم ان سازشوں کو بھی اسی طرح ناکام بنا دے گی جیسے 1965ء کو بھارتی جارحیت کو ناکام بنایا گیاتھا سینیٹر پرویز رشید کا پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں یوم دفاع کے موقع پر تقریب سے خطاب

اتوار 6 ستمبر 2015 11:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ دشمن نے جارحیت میں ناکامی کے بعد اب دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی سازشیں شروع کر دی ہیں لیکن پاکستانی قوم ان سازشوں کو بھی اسی طرح ناکام بنا دے گی جیسے 1965ء کو بھارتی جارحیت کو ناکام بنایا گیاتھا آج کا دن بھارت کا یوم جارحیت اور پاکستان کا یوم دفاع ہے-پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں یوم دفاع کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ آج دشمن دہشت گردی کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتاہے لیکن اسے ناکامی ہو گی-1965ء میں بھارتی جارحیت کے بعد قوم کے ہر طبقے نے متحد ہو کر ملک کا دفاع کیا -تاجر ہوں یا صنعتکار ‘ گلوکار ہوں یا شاعر‘ دکاندار ہوں یا ریڑھی والے سب نے اپنااپناکردار ادا کیا اور دشمن کے لاہور تک پہنچنے کے عزائم ناکام بنا دیئے- دشمن جو مقاصد جنگ کے ذریعے حاصل نہیں کر سکا اب وہ ہماری معیشت کو کمزور کر کے حاصل کرنا چاہتا ہے- وزیراطلاعات نے کہا کہ ستمبر کی جنگ میں ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے فنکاروں ‘ گلوکاروں‘ شاعروں‘ بانسری بجانے والوں سمیت سب نے اپنا اپنا کردار ادا کیا اور ہم آج سب کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں- یہ جنگ صرف میدانوں میں نہیں بلکہ آواز اور تحریر کی شکل میں بھی لڑی گئی-تقریب میں پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد مالک‘ ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل عمران گردیزی اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی-

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں