آپریشن ضرب عضب میں مسلح افواج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،تمام شہیدوں اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں؛ صدرممنون حسین

65ء کی جنگ میں پاکستان نے اپنے سے 3 گنا بڑے دشمن کو شکست سے دو چار کیا ؛ یوم دفاع کے موقع پر اسلام آباد میں پاک فضائیہ ہیڈ کوارٹرز کی فلائی پاسٹ کی تقریب سے خطاب

اتوار 6 ستمبر 2015 16:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ 65ء کی جنگ میں پاکستان نے اپنے سے 3 گنا بڑے دشمن کو شکست سے دو چار کیا اور آپریشن ضرب عضب میں مسلح افواج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ تمام شہیدوں اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ممنون حسین نے اتوار کے روز یوم دفاع کے موقع پر اسلام آباد میں پاک فضائیہ ہیڈ کوارٹرز کی فلائی پاسٹ کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور تمام ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے مگر دشمن امن کی اس خواہش کو ہماری کمزوری سمجھتے ہوئے جارحیت کا مظاہرہ کرے تو اس کا بھرپور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1965ء کی جنگ میں مسلح افواج اور پاکستانی عوام نے اپنے سے 3 گناہ بڑے دشمن کا سامنا کیا اور جرات اور بیادی سے دشمن کو شکست سے دو چار کیا جس کی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

6 ستمبر کو پوری قوم جذبہ حب الوطنی سے سرشار تھی جس کی وجہ سے دشمن نے شکست کھائی اور 65ء جیسا جذبہ ہی قوم کے عزم و ہمت میں اضافہ کرتا ہے۔ ممنون حسین کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شروع کئے گئے آپریشن ضرب عضب میں مسلح افواج نے بھرپور کامیابیاں حاصل کی اور مسلح افواج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جس کی وجہ سے ملک بھر میں امن کی فضا قائم ہوئی ہے۔

65ء سے لے کر اب تک کے تمام شہیدوں اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شاندار مظاہرہ کیا ہے ایسے مظاہروں سے جوانوں اور لوگوں میں اعتماد بڑھتا ہے جس پر ان کو مبارکباد دیتا ہوں اور پاک فضائیہ وطن کے دفاع کے لئے آج بھی ہمہ وقت تیار ہے۔ اس موقع پر ائیر چیف مارسل ایڈمرل سہیل امان کا کہنا تھا کہ 65ء کے جذبے کو آگے لے کر بڑھتے ہوئے آپریشن ضرب عضب میں تمام اہداف کامیابی سے حاصل کئے ہیں اور دہشتگردوں کی قمر توڑ دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوج اور عوام مل کر کسی بھی جارحیت کا برپور جواب دے گی اور اس حوالے سے پاکستانی قوم ہر قسم کے چیلنجز کا ڈٹ کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہو کر کھڑی ہے اور فخر ہے کہ مسلح افواج کے ساتھ ملک کے دفاع کے لئے پوری قوم شانہ بشانہ کھڑی ہے‘ فوج اور قوم مل کر کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں