وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات کے زیر اہتمام پی ٹی وی مراکز میں یوم دفاع پاکستان کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی تقریبات قومی یکجہتی، اتحاد ویگانگت اور عزم و استقلال کا عملی نمونہ بن گئیں، پی ٹی وی ہیڈکوارٹر اسلام آباد اورچاروں صوبائی سنٹروں میں ہونے والی ولولہ انگیز تقریبات میں حکومتی و اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے وزراء، اراکین اسمبلی، رہنماؤں، صحافیوں، ادیبوں ، آرٹسٹوں اور دیگرمکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت

اتوار 6 ستمبر 2015 16:24

اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات کے زیر اہتمام پاکستان ٹیلی ویژن(پی ٹی وی) کے مراکز میں یوم دفاع پاکستان کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی تقریبات قومی یکجہتی، اتحاد ویگانگت اور عزم و استقلال کا عملی نمونہ بن گئیں۔ پی ٹی وی ہیڈکوارٹر اسلام آباد اورچاروں صوبائی سنٹروں میں ہونے والی ولولہ انگیز تقریبات میں حکومتی و اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے وزراء، اراکین اسمبلی، رہنماؤں، صحافیوں، ادیبوں ، آرٹسٹوں اور دیگرمکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر سعید غنی اور وزارت اطلاعات ونشریات اور اس کے ذیلی اداروں کے افسران و سٹاف نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پی ٹی وی سنٹر پشاور میں منعقدہ تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے وزیر اطلاعات مشتاق غنی، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر اور وزارت اطلاعات و ذیلی اداروں کے افسران و سٹاف، پی ٹی وی سنٹر لاہور میں منعقدہ تقریب میں پنجاب حکومت کے ترجمان اورمسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی زعیم قادری، رکن قومی اسمبلی محسن شاہ نواز رانجھا، پاکستان تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا، رکن قومی اسمبلی وحید عالم خان، مسلم لیگ(ن) کی ایم پی اے میری گل اور پی ٹی آئی کے رہنما محمد مدنی کے علاوہ وزارت اطلاعات اور اس کے ذیلی اداروں کے افسران و سٹاف، کوئٹہ میں ہونے والی تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عبدالرحیم زیارت وال، پی ٹی وی سنٹرکراچی میں منعقدہ تقریب میں مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی، رکن قومی اسمبلی اشوک کمار اور وزارت اطلاعات و ذیلی اداروں کے افسران وسٹاف نے شرکت کی۔

ان تمام تقریبات میں صحافیوں، ادیبوں ، آرٹسٹوں اور دیگرمکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ تمام تقریبات کے شرکاء نے اس موقع پر جنگ ستمبر کے شہداء اور قوم کے محسنوں کی یاد میں9 بج کر 29 منٹ پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور پوری قوم کے ساتھ مل کر دفاع وطن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ایک منٹ کی خاموشی کے بعد ٹی وی اور ریڈیو سمیت تمام میڈیا پر 9 بجکر 30 منٹ پر قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کی تجدید کی گئی کہ ملک کی سلامتی کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ اس موقع پر مستقبل میں کسی بھی جارحیت کی صورت میں 1965ء کی جنگ کے جذبے کی طرح وطن عزیز کے دفاع کا عزم کیا گیا۔ جس کے بعد 65ء کی جنگ کے شہداء کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

ایک منٹ کی خاموشی یہ واضح پیغام ہے کہ پوری قوم دشمن کیخلاف ملک کے دفاع کیلئے ایک بار پھر متحد ہے اوروطن عزیز پر کسی بھی غیر ملکی خطرہ کو ناکام بنائے گی۔ اس موقع پر زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے ان لوگوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے ملک سے محبت اور دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کیا اور مسلح افواج نے بے مثال بہادری اور جرات کے ساتھ وطن کا دفاع کیا اور پاکستانی افواج کے جوانوں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے قوم کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے جرات و بہادری سے پاکستان کی بقاء کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں