پاک فضائیہ کے شاہینو ں کے شاندار فضائی مظاہرے کو دیکھ کر میرا دل مسرت سے معمورہے ٗ صدرممنون حسین

پاک فضائیہ کے شاہین آئندہ بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ اسی جوش اور جذبے سے سرانجام دیتے رہیں گے ٗ پاک فضائیہ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے اور مادر ِوطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ٗپاکستان امن پسند ملک ہے ٗ دنیا کی ہر قوم کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہش مند ہے ٗ یوم دفاع کی تقریب کے موقع پر شرکاء سے خطاب

اتوار 6 ستمبر 2015 16:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) صدرممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے شاہینو ں کے آج کے شاندار فضائی مظاہرے کو دیکھ کر میرا دل مسرت سے معمورہے ٗپاک فضائیہ کے شاہین آئندہ بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ اسی جوش اور جذبے سے سرانجام دیتے رہیں گے ٗ پاک فضائیہ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے اور مادر ِوطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ٗپاکستان امن پسند ملک ہے ٗ دنیا کی ہر قوم کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہش مند ہے۔

اتوار کو یہاں ائیر ہیڈ کوارٹرز میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پاک فضائیہ کے فضائی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہاکہ جنگ ستمبر کی عظیم الشان فتح کی پچاسویں سال گرہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینو ں کے آج کے شاندار فضائی مظاہرے کو دیکھ کر میرا دل مسرت سے معمورہے۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کے جیالے ہوابازوں کی پرواز ان کی پیشہ ورانہ مہارت ہی نہیں بلکہ ان کے جوش، جذبے اور دفاع وطن کیلئے ان کے عزم کی بھی عکاس ہے۔

شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ نے ایسے جاں بازوں کیلئے ہی کہہ رکھا ہے

جھپٹنا ، پلٹنا، پلٹ کر جھپٹنا
لہو گرم رکھنے کا ہے اک بہانہ

صدر ممنون حسین نے کہاکہ1965ء کی جنگ کے دوران یہی جذبہ تھا جس کی طاقت سے افواجِ پاکستان نے دشمن کو شکست فاش سے دوچار کیاانہوں نے کہاکہ 6؍ ستمبر 1965ء کا دن قومی تاریخ میں اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اس دن جذبہ حب الوطنی سے سرشار پاکستانی قوم اور ایثار و قربانی کی شان دار روایات کی امین پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے سے تین گنا بڑے دشمن کو شکست سے دوچار کیا۔

اس تاریخی معرکے میں ہماری مسلح افواج نے دشمن کو ایسی شکست دی،ہماری تاریخ میں جس کی مثال نہیں ملتی۔آزمائش کے اس موقع پر ہمارے شہیدوں اور غازیوں نے اپنی جرأت وبہادری کی ایسی مثالیں پیش کیں جو اقوام عالم کیلئے باعث تقلید بھی ہیں اوران سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ پاکستانی قوم کا عزم غیر متزلزل ہے۔انہوں نے کہاکہ جنگ ِستمبر میں بہادری اور سرفروشی کی عظیم الشان داستانیں رقم کرنے والے اپنے مجاہدوں اور غازیوں کو ہم محبت اور عقیدت سے یاد کرتے ہیں جنھوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی تعلیمات کے عین مطابق دشمن پرواضح کردیا کہ ارضِ وطن کی حفاظت کا جذبہ ثابت قدمی اور قوتِ ایمانی سے پیدا ہوتا ہے ٗتعداد اور گولہ بارود کے ڈھیر سے نہیں۔

قوم کے ان مایۂ ناز سپوتوں کا مقام اور مرتبہ بہت بلند ہے اور آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ پاک فضائیہ کے شاہین آئندہ بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ اسی جوش اور جذبے سے سرانجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور وہ دنیا کی ہر قوم کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہش مند ہے تاہم اگر کبھی کسی نے ہماری آزادی اور پُر امن طرز زندگی کو پامال کرنے کی کوشش کی تو ہم نے اس جارحیت کا منھ توڑ جواب دیاجس کا ثبوت تاریخ کے اوراق میں بھی محفوظ ہے اورہمارے اس عزم کااظہار انتہا پسند عناصر کے خلاف آپریشن ضربِ عضب میں بھی ہورہا ہے جس میں پاک افواج اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہی ہیں۔

اپنی گفتگو کے آخر میں انہوں نے کہاکہ میں پاک فضائیہ اور اس کے سربراہ کو اس شاندار فضائی مظاہرے کے انعقاد پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔اس طرح کے مظاہرے نہ صرف قوم کے عزم و ہمت میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ نئی نسل کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔میرے لیے یہ بات باعث اطمینان ہے کہ پاک فضائیہ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے اور مادر ِوطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔میری دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ ہماری مسلح افواج کو وہ طاقت اور بے مثال عزم و ہمت عطافرمائے تاکہ وہ اﷲ پر مصمم بھروسہ رکھتے ہوئے قوم کی امنگوں کے مطابق دفاعِ وطن کافریضہ بطریقِ احسن سرانجام دے سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں