پاکستان مسلم لیگ(ن) بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کرے گی،ڈاکٹر طارق فضل چودھری

عوام پاکستان کی قوت اور روشن مستقبل ہیں عوام نے دھرنا سیاست کو مسترد کردیا،رکن قومی اسمبلی

اتوار 6 ستمبر 2015 17:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)فیڈرل کپیٹل اسلام آباد کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چو دھری نے کہاہے کہ ملکی سلامتی کے تحفظ اور امن دشمن کے خلاف پاکستانی عوام پرعزم ہیں،حکومت اور عسکری قیادت پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کوختم کرنے کاعزم کئے ہوئے ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جاری رہے گی-انہوں نے کہاکہ دہشتگردانہ کاروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتیں،اسلام دہشت گردی اورنفرت کا نہیں بلکہ امن ،محبت ،رواداری اورسلامتی کا دین ہے-رکن قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں کرنے والے اپنے عزائم میں ناکام ہونگے کیونکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہوچکی ہے ، پاکستانی عوام امن کی بحالی اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے حکومت او رافواج پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے-جاری اپنے بیان میں مزید ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) بلدیاتی انتخابات میں بھی کلین سویپ کرے گی،مسلم لیگ(ن) کے نظریاتی کارکن اپنی تمام ترتوجہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مرکوزکر دیں،پاکستان مسلم لیگ(ن)کی سیاست کا محور غریب عوام ہیں،عوام پاکستان کی قوت اور روشن مستقبل ہیں،غریب اور کمزور لوگوں کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے-مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ تحریک انصاف کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے عوام نے دھرنا اوریوٹرن کی سیاست کو بُری طرح مسترد کردیا ہے اب تک چھ حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے نتائج اس کا واضح ثبوت ہیں- انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت کاتاثر دینے والے غورکریں ،تحریک انصاف پر عملا"پیپلزپارٹی اور ق لیگ کے لوگ قابض ہوچکے ہیں تبدیلی کے نعروں کی حقیقت عوام کے سامنے آ چکی ہے،عوام بلدیاتی انتخابات میں مزید دھوکہ میں نہیں آئیں گے -ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک و قوم کو مسائل اور بحرانوں کی دلدل سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں