ملک بھر میں پاک فضائیہ کی تمام بیسسز پر یوم دفاع شاندار طریقے سے منایا گیا، پی اے ایف کی تمام بیسسز میں ٰ6 ستمبر کی صبح کا آغاز شہداء کیلئے قرآن خوانی اور دعا سے ہوا

اتوار 6 ستمبر 2015 18:08

اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) ملک بھر میں پاک فضائیہ کی تمام بیسسز پر یوم دفاع شاندار طریقے سے منایا جارہا ہے۔ 1965ء میں پی اے ایف نے اپنے سے تین گنا بڑی بھارتی فضائیہ کو عبرت ناک شکست دی تھی۔ پاک فضائیہ نے یوم دفاع کے موقع پر کسی بھی چیلنج کا بھر پور قوت کے ساتھ مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ پی اے ایف کی تمام بیسسز میں6 ستمبر کی صبح کا آغاز شہداء کیلئے قرآن خوانی اور دعا سے ہوا۔

خصوصی تقریب مزار قائد کراچی میں گارڈز کی تبدیلی کی تھی جہاں پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کے ایوی ایشن کیڈٹس نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ اس موقع پر فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم ایک بہادر قوم ہیں جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں اپنی ثابت قدمی دکھائی خواہ قدرتی سانحات ہوں یا ہم مسلط کی گئی 1965ء کی جنگ، ہم نے ان سب کا ڈٹ کر سامنا اور مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں تاہم ہم اپنی پرامن زندگی میں خلل ڈالنے کی کسی بھی بھرپور کوشش کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہمارے عزم کی یہی طاقت ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کو جدید فوجی سازوسامان سے لیس کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ انتہائی باصلاحیت عملہ وطن عزیز کی فضائی سرحدوں کی دفاع کیلئے تیار ہے۔ پی اے ایف بیس نور خان، پی اے ایف بیس مسرور کراچی، پی اے ایف بیس پشاور، پی اے ایف بیس سمنگلی (کوئٹہ) اور پی اے ایف بیس لاہور میں پاک فضائیہ کے طیاروں اور ایمونیشن کا ڈسپلے بھی ہوا جسے بچوں سمیت بڑوں کی بڑی تعداد نے دیکھا۔ یوم دفاع کے موقع پر فضائیہ کے سکولوں اور کالجوں کے طلباء نے قومی گیت بھی پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں