ایلو پیتھک ادویات کے بڑھتے ہوئے سائیڈ ایفیکٹس کی بناء پر دنیا متبادل طریقہ علاج کی طرف دیکھ رہی ہے ، ڈاکٹر ضابطہ شنواری

حکیم طبی فارما کوپیا کے مطابق اپنی ادویات بنا کر مریضوں کو استعمال کرا سکتے ہیں ،ڈاکٹر مشتاق سلہریا نیشنل کونسل فار طب بہترین اور سہل الحصول طریقہ علاج مہیا کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، صدر قومی طبی کونسل

پیر 7 ستمبر 2015 18:10

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء ) ایلو پیتھک ادویات کے بڑھتے ہوئے سائیڈ ایفیکٹس کی بناء پر دنیا متبادل طریقہ علاج کی طرف دیکھ رہی ہے- طب یونانی ایک مکمل اور بہترین طریقہ علاج ہے - اس کی بنیاد سائنس پر ہے - اس کی ادویات اور علاج معالجہ کے طریقے زمانہ قدیم سے سائنسی اصولوں اور ضوابط کے مطابق ترتیب دئیے گئے ہیں- ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ حکومت اس کی سرپرستی کرے اور اور حاملین طب اپنا قبلہ درست کریں - اپنا تعلیمی معیار بہتر کریں اور بزرگ سائنسدانوں نے جو ترقیات کی تھیں انہیں لے کر آگے بڑھا جائے - ان خیالات کا اظہار صدر نیشنل کونسل فار طب ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے جناح یونانی میڈیکل کالج اور پاکستان طبی کانفرنس کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا- انہوں نے نیشنل کونسل فار طب مشن ، ویژن اور مستقبل کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کاویژن ہے کہ بلا تمیز رنگ و نسل ایک قابل بھروسہ علاج مہیا کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے - اور ان شاء اﷲ نیشنل کونسل فار طب جڑی بیوٹیوں پر تحقیق ، علاج معالجہ کے لیے اطباء اور معالجین کو مناسب راہنمائی اور مدد فراہم کرے گی- انہوں نے اپنے صدارتی خطبہ میں تمام اطباء کرام کا تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا - اور سب کو بہتری کے لیے تجاویز دینے اور مل جل کر طب کی ترقی اور فروغ کے لیے کام کرنے کی تلقین کی- تقریب کے مہمانان خصوصی خصوصی سینئر نائب صدر پاکستان طبی کانفرنس ڈاکٹر زاہد اشرف ، سیکرٹری جنرل پاکستان طبی کانفرنس پروفیسر حکیم منصور العزیز ، ڈائریکٹر کلینیکل گورننس پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن ڈاکٹر مشتاق احمد سلہریا ،نائب صدر قومی طبی کونسل پروفیسر وید محمدجمیل خان، نائب صدر دوم قومی طبی کونسل حکیم عبدالواحد ،ممبران قومی طبی کونسل حکیم محمداحمد سلیمی ، پروفیسر حکیم حافظ محمد یونس ، حکیم سید ذوالحسنین بخاری ،حکیم سرتاج نبی ، حکیم محمدیوسف ، پی ٹی پی ایم اے کے راہنما حبیب اﷲ چیمہ ، عرفان شاہد ، عمران مسعود ،اطباء کرام طبیبہ اسماء وڑائچ ، حکیم محمدسہیل ، حکیم ضیاء اﷲ ، حکیم شاہد محمود ناز ، حکیم محمد جاویدبیگ ، حکیم ڈاکٹر شیر افگن ، حکیم شہزاد ، حکیم محمد انور ، پروفیسر حکیم سلیم احمد خان ، طبیب زادہ جمیل اصغر خضری ، حکیم امجد وحید بھٹی ، حکیم حامد محمود ، حکیم احمدحسن نوری، حکیم احسان الرحمان سحری ، سکندر حیات زاہد اور اطباء کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی - اس موقع پر ڈاکٹر مشاق احمد سلہر یا ( ڈائریکٹر کلینکل گورننس اینڈ آرگنائزیشنل سٹینڈرڈ)نے کہا کہ ہم حکماء کو سرکاری تحفظ دینا چاہتے ہیں وہ صرف ہیلتھ کیئر کمیشن میں رجسٹرڈ ہوں تاکہ محکمہ صحت پنجاب کو حکماء اور دوسرے مستند طب سے تعلق رکھنے والے پریکٹشنرز کا صحیح علم ہو سکے اور جو حکیم یا ہومیو پیتھ کوالیفائڈ اور رجسٹرڈ ہیں ان کو ہر قسم کا تعاون دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام تشخیصی آلات جو حکماء نے اپنے سلیبس میں پڑھے ہیں وہ انہیں استعمال کر سکتے ہیں ۔وہ ا پنے مطب میں دوا بنا سکتے ہیں اور انہیں اپنے مریضوں پر استعمال کر سکتے ہیں حکماء اور ہومیو پیتھ کو اپنے اپنے طریقہ علاج میں الگ الگ پریکٹس کرنے کی مکمل آزادی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ کچھ ڈرگ انسپیکٹرز نے بلا وجہ حکماء کو پریشان کیا ہوا ہے ۔

جس کے لئے میں معذرت خوا ہ ہوں ۔ آئندہ آپ کو اس قسم کی پریشانی نہیں ہو گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن انشاء اﷲ حکماء کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا ۔ حکیم طبی فارما کوپیا کے مطابق اپنی ادویات بنا کر مریضوں کو استعمال کرا سکتے ہیں تاحال محکمہ صحت کے عملہ کو پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی رجسٹریشن نہ ہونے پر مطب یا کلینک بند کرنے کے احکامات نہیں دیئے گئے ہیں۔تقریب سے دیگر مہمانان نے بھی خطاب کیا -

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں