پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں ٗغیر ملکی فائدہ اٹھائیں ٗصدر ممنون حسین

دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ٗ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائیگا ٗامید ہے 2018 تک بجلی کے مسئلے پر کافی حد تک قابو پالیا جائیگا ٗ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا ساتھ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ٗ ملک سے کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا ٗ صدر مملکت کا سیمینار سے خطاب

منگل 8 ستمبر 2015 17:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں سے فائدہ اٹھانا چاہیییہ بات صدر ممنون حسین نے منگل کو یہاں ‘‘پاکستان سرمایہ کاری کی جنت‘‘ کے موضوع پر گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین ہے۔ کیونکہ اس کے ایک طرف تیل کی دولت سے مالا مال خلیجی ریاستیں واقع ہیں اور دوسری طرف وسط ایشیا کے ممالک ہیں جنھیں پاکستان تجارت کے لیے سمندر تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پورے خطے کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی سے معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی سرکوبی کے لیے پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور آپریشن سے دہشتگردوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ حکومتی اقدامات سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور بجٹ خسارے میں کمی ہوئی ہے۔ اسٹاک مارکیٹوں میں دن بدن تیزی آرہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی اقتصادی زون سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی صنعتوں، کاروبار اور گھریلوصارفین کی پریشانیوں میں ماضی کی نسبت بہت کمی واقع ہوئی ہے اور قومی صنعت اور کاروبار میں استحکام پیدا ہورہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے مزید کئی منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد توانائی، معیشت کی بحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کے مسائل پر بھرپور توجہ دی۔

بجلی کی پیداوار میں اضافے کے لیے گردشی قرضوں کو ختم کیااور نئے پیداواری یونٹ لگائے جن سے صورت حال میں بتدریج بہتری آئی ہے۔ صدر مملکت نے اس توقع کا اظہار کیا کہ 2018 تک بجلی کے مسئلے پر کافی حد تک قابو پالیا جائے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے نتائج سامنے آرہے ہیں اور ہر جگہ بہتری آرہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا ساتھ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ دیناتداری اور ایمانداری کے بغیر نہ قومیں ترقی کرتی ہیں اور نہ ملک ترقی کرتے ہیں۔ بدعنوانی اور کرپشن سے قومیں تنزل کا شکار ہوتی ہیں۔ انھوں نے زور دیا کہ ملک سے کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی تکمیل آغاز ہوگیا ہے۔صدر ممنون حسین نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان بین الاقوامی فورم پر اعلیٰ مقام حاصل کرے گا اور عالمی برادری میں پاکستان کی پوزیشن مزید بہتر ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں