پاک بحریہ پاکستان کی بحری حدود کی حفاظت انتہائی ذمہ داری اور پیشہ وارانہ مہارت سے کر رہی ہے، نیوی نے ہر مشکل وقت میں دیگر افواج کے ساتھ مل کر ہمت اور شجاعت کے کارنامے رقم کیے ،وزیراعظم نواز شریف کا یوم بحریہ پر پیغام

منگل 8 ستمبر 2015 19:12

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء ) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک بحریہ پاکستان کی بحری حدود کی حفاظت انتہائی ذمہ داری، لگن اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ کر رہی ہے، ہماری بحریہ نے ملکی دفاع میں درخشاں روایات قائم کیں ، بحریہ نے ہر مشکل وقت میں دیگر افواج کے ساتھ مل کر ہمت اور شجاعت کے کارنامے رقم کیے ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو یوم بحریہ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مجھے اس بات پر خوشی ہے کہ بحریہ مسلسل ترقی کے راستے پر گامزن ہے اور جدید تقاضوں کے مطابق اپنے جہازوں، آبدوزوں اور ہتھیاروں کو اپ گریڈ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی تربیت اور تکنیکی مہارت میں بھی خطے کی ایک مثالی فورس ہے۔نواز شریف نے کہا کہ میں پاکستان نیوی کے افسروں اور جوانوں کو اس موقع پر مبارکباد دیتا ہوں اور یہ توقع رکھتا ہوں کہ وہ اپنے اعلیٰ معیار کو قائم رکھیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں