اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت صدیقی کی شہباز بھٹی اور چوہدری ذوالفقار کے قتل کے ملزم کی بازیابی کی درخواست کی سماعت سے معذرت ،نئے بنچ کی تشکیل کیلئے معاملہ عدالت عالیہ کے چیف جسٹس کو بھجوا دیا

منگل 8 ستمبر 2015 20:50

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سابق وفاقی وزیر شہباز بھٹی اور ایف آئی اے پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار کے قتل کے ملزم عبداﷲ عمر کی بازیابی کی درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی اور نئے بنچ کی تشکیل کے لئے معاملہ عدالت عالیہ کے چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے۔ سابق وفاقی وزیرشہباز بھٹی اور ایف آئی اے پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار قتل کیس کے ملزم عبداﷲ عمر کی بازیابی کے لئے ان کی اہلیہ زینب ضعیم نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے شوہر قتل کے مقدمات میں ضمانت پر ہیں مگر انہیں 20 جون کو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اغوا کر لیا گیا۔

ہائی کورٹ میں درخواست دائر ہونے کے بعد دیگر دو ساتھی گھروں کو واپس آ گئے ہیں جس کے بعد درخواست نمٹا دی گئی جبکہ ان کے شوہر کی بازیابی باقی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں ڈی جی آئی ایس آئی، وزارت داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا تھا۔ منگل کو جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے مذکورہ درخواست کی سماعت کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ وہ مغوی کے والد کے وکیل رہ چکے ہیں اس لئے مناسب ہو گا کہ اس کیس کی سماعت کوئی دوسرا بنچ کرے۔ بعد ازاں فاضل جسٹس نے نئے بنچ کی تشکیل کے لئے معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد انور خان کاسی کو بھجوا دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں