آصف علی زرداری نے گزشتہ دنوں جو کہا اس پر دکھ ہوا، ان کا بیان سمجھ سے بالاتر ہے ،، آصف زرداری کی بحیثیت صدر سبکدوشی پر ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی تھی

وزیر اعظم نواز شریف کی مسلم لیگ (ن)سندھ کے اجلاس میں گفتگو ، نجی ٹی وی کی رپورٹ

منگل 8 ستمبر 2015 22:22

آصف علی زرداری نے گزشتہ دنوں جو کہا اس پر دکھ ہوا، ان کا بیان سمجھ سے بالاتر ہے ،، آصف زرداری کی بحیثیت صدر سبکدوشی پر ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی تھی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ سب کوعزت دیتے اورساتھ لے کرچلنا چاہتے ہیں لیکن آصف علی زرداری نے گزشتہ دنوں جو کہا اس پر دکھ ہوا۔ منگل کو نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے یہ باتیں یہاں مسلم لیگ (ن)سندھ کے اجلاس میں کہیں ۔ ٹی وی رپورٹ میں اجلاس میں شریک مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے حوالے سے کہاگیا کہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم سب کوعزت دیتے اور ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، آصف علی زرداری نے جو کہا اس پر دکھ ہوا، وہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ انہوں نے ایسا بیان کیوں دیا، ماضی میں وفاقی حکومت صوبوں میں مداخلت کرتی تھی، ہماری پنجاب میں حکومت تھی تو گورنر راج لگایا گیا لیکن ہم نے کسی صوبے کے معاملات میں مداخلت نہیں کی، آصف زرداری کی بحیثیت صدر ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی آپریشن کسی تنظیم کے خلاف نہیں ہے، یہ صرف دہشت گردوں اورمجرموں کے خلاف ہے،اسے کوئی سیاسی رنگ نہ دیا جائے، کراچی آپریشن پرکوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا،قومی دولت لوٹنیوالوں کا بلاامتیاز احتساب جاری رہے گا۔واضح رہے کہ ڈاکٹرعاصم کی گرفتاری پر پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے الزام عائد کیا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے 1990 کی دہائی کی سیاست دوبارہ شروع کر دی ہے۔ لگتا ہے نواز شریف نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ نواز شریف بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے کے بجائے سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں